عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا مشاورتی اجلاس، عہدیداران کی شرکت
تاجر برادری کو درپیش مسائل، کورونا وباء، تاجر رابطہ مہم پر تفصیلی مشاورت اور اہم فیصلے
عوامی تاجر اتحاد کی جدوجہد روزگار کی فراہمی، غربت کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی لانے کےلئے ہے
کورونا کی وجہ سے جو تاجر مقررہ وقت پر ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کروا سکے انہیں آسانیاں دی جائیں : حاجی محمد اسحاق
چیمبر آف کامرس کی قیادت کےلئے تاجروں کے مسائل سے آگاہ امیدوارلائیں گے: چیئرمین عوامی تاجر اتحاد
عوامی تاجر اتحاد کی جدوجہد کاروباری برادری کے مسائل کے حل کےلئے ہے: الطاف رندھاوا
حکومت قواعد و ضوابط میں نرمی اور بہتری لا کر تاجر دوست سکی میں متعارف کروائے: راشد چوہدری
لاہور (18 جولائی 2020) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی، صوبائی، ضلعی، تحصیلی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن، تاجر برادری کو درپیش مسائل، کورونا وباء کے ملکی معیشت پر اثرات، تنظیمی امور، تاجر رابطہ مہم سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق نے کی۔ مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا، سیکرٹری جنرل راشد چودھری، ثاقب بھٹی، میاں افتخار، عادل نعیم، علی پرویز بٹ، نصیر احمد سمیت دیگر تاجر ارہنما اجلاس میں شریک تھے۔ عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر اور منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے آنیوالے الیکشن میں عوامی تاجر اتحاد بھر پور قوت کے ساتھ حصہ لے گی۔ چیمبر آف کامرس کی آنیوالی قیادت کےلئے تعلیم یافتہ اور تاجروں کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ امیدوار آگے لائیں گے۔ عوامی تاجر اتحاد ملک میں روزگار کی فراہمی، غربت کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی لانے کےلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی صرف اسی صورت آ سکتی ہے جب ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔ عوامی تاجر اتحاد تاجر برادری کی نمائندہ تنظیم ہے جس میں نئے لوگ تیزی سے شامل ہورہے ہیں۔ صنعت، تجارت اور معیشت کی بہتری کےلئے عملی کردار ادا کرتے رہینگے۔ حاجی محمد اسحاق نے مطالبہ کیا کہ کورونا کی وجہ سے جو تاجر مقررہ وقت پر ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کروا سکے انہیں آسانیاں دی جائیں۔
مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ جلد پورے پاکستان میں عوامی تاجر اتحاد کے تنظیمی عہدیداران کا اعلان کریں گے۔ چیمبر کے انتخابات اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کےلئے پورے ملک میں تاجر رابطہ مہم شروع کر دی گئی ہے اس حوالے سے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ عوامی تاجر اتحاد جلد ایک مضبوط تاجر تنظیم کے طور پر ابھرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ساری جدوجہد کاروباری برادری کے مسائل کے حل کےلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ ورک کو وسعت دینے کےلئے دوستانہ سکی میں متعارف کروائے تاکہ لوگ رضاکارانہ طور پر ٹیکس نیٹ ورک میں آئیں۔
جنرل سیکرٹری راشد چودھری نے کہاکہ حکومت قواعد و ضوابط میں نرمی اور بہتری لا کر تاجر دوست سکی میں متعارف کروائے۔ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں انکی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ کاورباری شعبے میں قدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں ہم خیال گروپس کے ساتھ مل کر حصہ لیں گے، شارٹ کٹ پر یقین نہیں رکھتے بلکہ خدمت اور جہدوجہد ہمارا منشور ہے۔ چیمبر کے الیکشن میں ایسے امیدوار سامنے لائیں گے جو ملک کو درپیش چیلنجز کا بھر پور مقابلہ کرتے ہوئے اقتصادی ترقی میں اپنا مثبت کردار اد ا کر سکیں۔
تبصرہ