غریب تڑپ رہا ہے حکومت چینی اور آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرے: عوامی تحریک
حکومت کے مقررہ کرہ نرخوں پر تمام ضروری اشیاء کی دستیابی ممکن بنائی جائے: بشارت جسپال
غریبوں کی اشک شوئی کےلئے حکومت کو راست اقدامات کرنے کی ضرورت ہے:، فیاض وڑائچ
انتظار ہے کہ کب مہنگائی کو فروغ دینے والے عناصر گرفت میں آئینگے : قاضی شفیق
لاہور (14 جولائی 2020) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ اور شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی کا عذاب 70برسوں سے قوم پر مسلط ہے۔ مہنگائی کو قابو کرنے میں ہمیشہ حکومتوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گراں فروش، ذخیرہ اندوز، ناجائز منافع خور جب چاہیں من مانی کرتے ہوئے اشیاء ضروریہ کے نرخ بڑھا دیتے ہیں۔ آٹا، تیل گھی، چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ چینی اور آٹے کی قیمتیں حکومتی کوششوں کے باوجود پرانی سطح پر واپس نہیں آ سکیں بلکہ ان میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہاکہ عید الاضحی کی بھی آمد آمد ہے، صاحب استطاعت مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دیں گے۔ گراں فروش بھی متحرک ہو گئے اور غریبوں کی جیبوں پر نقب لگا کر لوٹنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی کو ہوا دینے والے عناصر نے کمر کس لی ہے۔ ٹماٹر پیاز ادرک، لہسن، ہری مرچوں و دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ سرکاری نرخ ناموں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ان تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ عوامی تحریک کے صوبائی صدور نے کہاکہ انتظار ہے کہ کب مہنگائی کو فروغ دینے والے عناصر گرفت میں آئینگے۔ غریب عوام پر مہنگائی کے بہت بم گرائے جا چکے ہیں اب غریبوں کی اشک شوئی کےلئے حکومت کو راست اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ گراں فروشوں کے خلاف فوری سخت کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔ ملک کے طول و عرض میں من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کو کسی صورت نہ بخشا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ذمہ دار افراد پر مشتمل مانیٹرنگ ٹی میں تشکیل دے جو بازاروں اور مارکیٹوں کا روزانہ دورہ کرے۔ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو نہ صرف گرفتار کیا جائے بلکہ ان سے بھاری جرمانے بھی وصول کئے جائیں۔ حکومت کے مقررہ کرہ نرخوں پر تمام ضروری اشیاء کی دستیابی ممکن بنائی جائے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ایسا مستقبل بندوبست کیا جائے کہ مستقبل میں کسی گراں فروش کو عوام کو لوٹنے کا موقع نہ مل سکے۔
تبصرہ