پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل پورے ملک میں جاری ہے: عارف چوہدری
بلدیاتی الیکشن میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لیں گے، کارکن
بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں کریں
علاقائی ترقی کےلئے بلدیاتی اداروں کو انتظامی اختیارات اور وسائل دینا ہونگے
عید الاضحی کے بعد پنجاب سمیت پورے ملک میں بلدیاتی کنونشن منعقد کریں گے: سیکرٹری
کوآرڈینیشن پی اے ٹی
لاہور (8 جولائی 2020) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل پورے ملک میں جاری ہے۔ پنجاب سمیت تمام صوبوں میں پارٹی کو تحصیل اور وارڈز کی سطح تک مضبوط کریں گے۔ بلدیاتی الیکشن میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لیں گے، کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں کریں۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں انہی کی بدولت بلدیاتی الیکشن میں کامیابیاں حاصل کریں گے۔ پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی پربہترین انداز میں کام کررہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے ظلم و استحصال پر مبنی نظام بدلنے کےلئے بے مثال جدوجہد کی ہے، پاکستان عوامی تحریک ایک نظریاتی جماعت ہے۔ ملک کو حقیقی جمہوریت کے ٹریک پر لانے کےلئے جدوجہد کرتے رہینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عارف چوہدری نے کہا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے۔ پارٹی کی رکنیت سازی مہم، تنظیم سازی میں تیزی لائی جائے گی۔ ہر سطح کے الیکشن میں اپنے امیدوار کھڑے کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ علاقائی ترقی کےلئے بلدیاتی اداروں کو انتظامی اختیارات اور وسائل دینا ہونگے۔ عوامی تحریک با اختیار بلدیاتی اداروں اور با اختیار عوام کے سیاسی فلسفے پر یقین رکھتی ہے۔ فعال بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوری نظام کی تشکیل کسی طور پر ممکن نہیں ہو سکتی۔ عہدیدار و کارکنان بلدیاتی انتخابی تیاریاں شروع کر دیں۔ یونین کونسل سے پی پی سطح تک رکنیت سازی مہم اور رابطہ مہم شروع کی جائے۔ پی اے ٹی کا سیاسی ویژن ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ نظام کی تبدیلی، کرپشن کے خاتمے، آئین و قانون کی حکمرانی کےلئے عملی جدوجہد کی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں بھی ایسے امیدوار لائیں گے جو محرومیوں کا ازالہ کرنے کے جذبے سے سرشار ہوں۔ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھے ہوئے عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔ استحصالی نظام کا خاتمہ عوامی تحریک کا منشور ہے۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہمیشہ قوم کو خبردار کیا ہے جب تک یہ ظالمانہ نظام رہے گا، کمزور کی آنکھوں میں آنسو رہیں گے۔ حکومتیں بدل گئیں غریب کے حالات نہیں بدلے۔ موجودہ نظام تبدیلی کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے بعد پنجاب سمیت پورے ملک میں بلدیاتی کنونشن منعقد کریں گے۔
تبصرہ