حکومت نان، روٹی کی قیمتیں کنٹرول کرے: عوامی تحریک پنجاب
اناج گھر پنجاب میں نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے: بشارت جسپال
لاک ڈاؤن سے لاکھوں بیروزگار ہیں انہیں مہنگائی کا عذاب نہ دیا جائے، عارف چودھری
مکمل کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے تک حکومت سبسڈی دے: راجہ زاہد محمود
لاہور (یکم جون 2020ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے، حکومت کسی کو اضافے کی اجازت نہ دے، ان خیالات کااظہار انہوں نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کے اعلانات پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا، بشارت جسپال نے کہا کہ حالیہ لاک ڈاؤن اور کاروباری سرگرمیوں کے معطل ہونے کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے لاکھوں مزدور بیروزگار ہوئے ہیں اور وہ صرف روٹی سے ہی اپنے جسم اور جان کا رشتہ قائم رکھے ہوئے ہیں، ان حالات میں روٹی اور نان اگر مہنگے ہوتے ہیں تو یہ پہلے سے معاشی بحران میں مبتلا مزدوروں کو فاقوں سے مارنے کا شعوری اقدام ہو گا، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اناج گھر پنجاب میں آٹے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں عارف چودھری، میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود نے بھی روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اچھا اقدام ہے لیکن دوسری طرف آٹے روٹی کی قیمت میں اضافہ باعث تشویش ہے، حکومت تندور مالکان سے بلاتاخیر رابطہ کرے، ان کے مسائل سنے اور لاکھوں، کروڑوں خاندانوں کو فاقوں میں مبتلا ہونے سے بچائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جزوی لاک ڈاؤن بھی موجود ہے تب تک حکومت سبسڈی دے کر آٹا، نان، روٹی کی قیمتیں کنٹرول کرے۔
تبصرہ