لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج برآمد ہونگے: خرم نواز گنڈاپور
بلدیاتی ادارے ہوتے تو متاثرین کی بہتر طریقے سے خدمت ہو سکتی تھی
متاثرین کے علاج، معالجہ کیلئے سرکاری مشینری فعال کردار ادا کررہی ہے
اچھے کاموں کی تعریف، غلطیوں کی نشاندہی کرینگے:سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (31 مارچ 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن اور سماجی رابطے محدود کرنے کی حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد ہونگے، عوام سے درخواست ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں، انہوں نے کہا کہ متاثرہ مریضوں کے لواحقین سے رابطہ اور فوری قرنطینہ پہنچانے کیلئے سرکاری مشینری مستعدی سے کام کررہی ہے، یہ جذبہ سراہے جانے کے قابل ہے، کورونا وائرس کی تباہ کاری سے بچنے کیلئے ناکافی وسائل کے باوجود حکومت ہاتھ پاؤں ماررہی ہے اور عام آدمی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی طرف مائل ہوا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یومیہ اجرت پر گزارا کرنے والے خاندان مشکلات کا شکار ہیں اور دن بدن اس حوالے سے بے چینی بڑھ رہی ہے، حکومت بلاتاخیر امدادی پیکیج اور راشن کی فراہمی سمیت یوٹیلٹی سٹوروں کو فراہم کیے گئے پیکیج پر عملدرآمد کروائے، مخیر حضرات بھی مستحقین کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جہاں حکومت کے اچھے اقدامات پر تعریف کریں گے وہاں اس بات پر تکلیف بھی ہے کہ اگر بلدیاتی ادارے فعال ہوتے اور الیکشن کروا دیئے جاتے تو آج ٹائیگر فورس کی بجائے عوام کے منتخب نمائندے حکومتی اداروں کے شانہ بشانہ کردار ادا کررہے ہوتے، انہوں نے کہا کہ حکومت مصلحتوں کے تحت نظام چلانے کی بجائے آئین کے تحت آگے بڑھنے کا عزم کرے۔
تبصرہ