مسلکی بیان بازی سے گریز کیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک اور منہاج القرآن نے تمام پروگرامز ملتوی کر دیئے
لاہور (19 مارچ 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیاست، متنازعہ و مسلکی بیان بازی سے گریز کیا جائے۔ کرونا جان لیواوبا ہے جس کامقابلہ اتحاد سے ممکن ہے۔ ٹیکنالوجی اور وسائل سے مالا مال ملک بھی لاک ڈاؤن پر مجبور ہو گئے، عالمی وبا کی ایک وجہ انسانوں کی قوانین فطرت کے خلاف جنگ بھی ہے۔ بچاؤ کے لیے تدبیر بھی کی جائے اور اللہ سے گریہ و زاری بھی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور منہاج القرآن نے اپنے تمام چھوٹے بڑے پروگرام منسوخ کر دئے ہیں، حکومت اشیائے خورونوش اور ادویات کی قلت نہ ہونے دے۔ خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ انسانی جان کے تحفظ کیلئے حکومت تمام وسائل، اقدامات بروئے کار لائے، وبا کے دوران سماجی تعلقات محدود کرنا نبوی تعلیمات کے عین مطابق ہیں۔
تبصرہ