سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک اور قاتل افسر کو پسند کی پوسٹنگ مل گئی: خرم نواز گنڈاپور
انسپکٹر عامر سلیم کو شہباز شریف کی جے آئی ٹی نے قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا
سابق حکمرانوں کے حاشیہ بردار حکومت کو خراب کرنے کا کوئی موقع جانے نہیں دے رہے
حکمران اپنی چارپائی کے نیچے ڈنگوری پھیرتے رہیں: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (15 مارچ 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک اور مجرم انسپکٹر عامر سلیم شیخ کو اس کی خواہش کے مطابق تھانہ صدر فیصل آباد میں بطور ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا۔ عامر سلیم شیخ کو شریف برادران کی قائم کی گئی جے آئی ٹی نے بھی قتل عام کا قصور وار ٹھہرایا اور عامر سلیم دو سال جیل میں بند رہا، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کی بیوروکریسی اور پولیس میں آج بھی کچھ کالی بھیڑیں موجود ہیں ہیں جو موقع ملنے پر قاتل برادران کی نمک حلالی کو اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے موجودہ حکومت کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی، انہی کالی بھیڑوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار ڈاکٹرتوقیر شاہ کو بھی ایک اہم عہدے پر بٹھانے کی کوشش کی، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو فیلڈ ڈیوٹی دینا پولیس کے ادارے کی ساکھ کو برباد کرنے کی شعوری کوشش ہے۔ پنجاب کے حکمران اپنی چارپائی کے نیچے ڈنگوری پھیرتے رہیں ورنہ سابق حکمرانوں کے حاشیہ بردار بیوروکریٹ انہیں کہیں کا نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کاحتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا اس میں ملوث عناصر کو کسی عہدے پر نہ بٹھایا جائے، جب بھی کسی ملزم کو اہم عہدہ ملتا ہے تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کے زخم ہرے ہو جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث بہت سارے پولیس افسر آج بھی اپنی پسند کے تھانوں اور عہدوں پر موجود ہیں۔
تبصرہ