مجرموں کی میڈیا ٹاکس قانون سے سنگین مذاق ہے: خرم نواز گنڈا پور
یہ نظام لٹیروں کو نہیں صرف غریبوں کو پکڑتا ہے: سیکرٹری جنرل
پاکستان عوامی تحریک
لاہور(12 مارچ 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ن لیگ کے مجرموں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کی جماعت کے ’’ضمانتی ٹولے‘‘ کی میڈیا ٹاک کو قانون سے سنگین مذاق قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کونسی سیاسی، جمہوری اخلاقیات ہے کہ اربوں کی کرپشن میں ملوث عناصر قوم کو جمہوریت کا درس دے رہے ہیں جوقانونی سہولتیں ن لیگی لٹیروں کو مل رہی ہےں کیا باقی مجرموں اور زیر تفتیش ملزموں کو میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سزا یافتہ میڈیا پر آ کر اپنا موقف بیان کر سکتے ہیں تو جیلوں میں بند باقی قیدی کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کی میڈیا ٹاک پر پیمرا ایکشن کیوں نہیں لے رہا؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تو پہلے ہی کہتے ہیں کہ یہ ظالم نظام چوروں لٹیروں کا محافظ ہے، یہ نظام لٹیروں کو نہیں پکڑ سکتا ہے، صرف غریبوں اورکمزروں کی گرفت کرتا ہے۔ شہدا ماڈل ٹاؤن کے لواحقین 5 سال کے بعد بھی انصاف سے محروم ہیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیر محمد سلطان کا علاج شروع کروانے کے لئے مہینوں دفتروں کے چکر کاٹنے پڑے جبکہ جعلی مریضوں کو ائیر ایمبولینس پر پروٹوکول کے ساتھ لندن روانہ کیا جاتا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اس نظام میں چوروں قاتلوں کے خلاف حرکت میں آنے کا دم خم ہوتا تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کھلے عام دندناتے نظر نہ آتے۔
تبصرہ