یہ نظام صرف لٹیروں کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہے: خرم نواز گنڈاپور
شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شامل تفتیش کیا جائے
ویمن مارچ کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے
لاہور (3 مارچ 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شامل تفتیش کیا جائے۔ قاتل اشرافیہ کو کرپشن کے ان مقدمات میں پکڑا اور چھوڑا جارہا ہے جس کے ثبوت قانون کی نظر میں معتبر نہیں اور جس سانحہ کے قتل عام کے ثبوت کھلی کتاب کی طرح ہیں اس کیس میں اشرافیہ کو گرفتار کرنا دور کی بات ان سے تفتیش کرنا بھی گوارا نہیں کیاجارہا۔ ویمن مارچ کے حوالے سے اخلاق و اقدار کی پاسداری کرنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کاظہار انہوں نے کراچی تنظیم کے ذمہ داران اور عہدیداروں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نظام بدلنے کی ہر جدوجہد میں شامل ہو گی۔ جب تک یہ نظام رہے گا ملکی حالات جوں کے توں رہیں گے۔ موجودہ نظام کے تحت بڑی بڑی گرفتاریاں ہوئیں۔ بڑے بڑے لیڈروں کو کئی کئی ماہ جیلوں میں بند رکھا گیا مگر ایک پائی کی ریکوری نہیں ہوئی۔ جنہیں سزائیں سنائی گئیں انہیں بھی چھوڑ دیا گیا کیونکہ یہ نظام صرف لٹیروں کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ کارکن آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ تبدیلی اوپر سے نہیں نیچے سے آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بتایا جارہا ہے کہ مہنگائی کم ہو گئی۔مہنگائی کم ہوتی تو عوام کو محسوس ہوتی۔ بجلی گیس کے بل، پرائیویٹ سکولوں کی فیسیں اور ادویات کی قیمتیں جوں کی توں ہیں۔
تبصرہ