عوامی تحریک کے زیر اہتمام نظام بدلو سیمینار آج (29 فروری) کو ہوگا
یہ نظام رہے گا تو بحران بھی رہیں گے، عارف چودھری سیکرٹری کوآرڈینیشن عوامی تحریک
لاہور (28 فروری 2020ء) پاکستا ن عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ”نظام بدلو“ سمینار آج 29 فروری کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گا۔ سیمینار سے خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول، غلام مرتضیٰ علوی خطاب کریں گے۔ عارف چودھری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے استحصالی نظام کے خلاف نہ صرف ملک گیر بیداری شعور مہم چلائی بلکہ عوامی تحریک کے کارکنوں نے اس ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے جانی و مالی قربانیاں بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ نظام رہے گا تو بحران بھی رہیں گے، موجودہ حکمران بھی تبدیلی کا نعرہ لگا کر برسراقتدار آئے مگر وہ بھی اس نظام کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں، یہ نظام مافیاز اور لٹیروں کو تحفظ دیتا ہے۔ طاقتوروں کے احتساب، مواخذے اور محاسبے سے روکتا ہے۔ جس کی بڑی مثال اس ملک کی طاقتور، کرپٹ اشرافیہ کا بےرحم احتساب نہ ہونا ہے۔ یہ کرپٹ اشرافیہ پہلے تفتیشی عمل کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتی رہی اور سزاؤں کے بعد بھی قانون کی آنکھوں میں دھول جھونک پر بیرون ملک بھاگ گئی۔ اب تک کسی لٹیرے سے ریکوری نہیں ہوئی، لٹیروں کو یہی نظام تحفظ دیتا ہے، اس لیے موجودہ حکمرانوں کو اس گلے سڑے متعفن نظام سے جان چھڑانا ہو گی۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔
تبصرہ