حکومت اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف سخت قوانین بنائے: چوہدری افضل گجر
ملاوٹ کرنیوالوں کو شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے کی ایسی سزا ملے کہ وہ عبرت کا نشان بن جائیں
خطرناک ملاوٹ والا دودھ پینے سے بچوں میں مہلک امراض پیدا ہو رہے ہیں : صدر عوامی تحریک لاہور
لاہور (27 فروری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کا مرکز ی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف سخت ترین قوانین بنائے۔ ملاوٹ کرنیوالوں کو شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے کی ایسی سزا ملے کہ وہ عبرت کا نشان بن جائیں۔ حکومت فوری طور پر سخت سزاؤں پر مبنی قوانین بنائے۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری لاہور شفاقت مغل، ثاقب بھٹی، میاں افتخار، طارق الطاف، راجہ ندیم، حاجی عبد الخالق، خالد نعیم، بشیر فریدی و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری افضل گجر نے کہا کہ دودھ کی ملاوٹ میں جو کیمیکل استعمال کئے جاتے ہیں وہ انسانی صحت کےلئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ خطرناک ملاوٹ والا دودھ پینے سے بچوں میں مہلک اور جان لیوا امراض پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کرنیوالوں کے مقدمات کی سماعت کےلئے خصوصی عدالتیں بنائی جائیں جو مختصر مدت میں مقدمات کا فیصلہ کریں تاکہ ملاوٹ مافیا جلد از جلد اپنے انجام کو پہنچ سکے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ ذمہ دار ادارں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں میں تیزی ضرور کی ہے مگر اب تک ملاوٹ مافیا متحرک ہے اور ملاوٹ کا عمل بھی جاری ہے۔
تبصرہ