بڑے چوروں سے نرمی کا خمیازہ ملک اور قومیں بھگتتی ہیں: عوامی تحریک
شہباز شریف کا واویلا کھسیانی بلی کھمبا نوچے ولا ہے، علاج کے نام پر دھوکہ دیا گیا
اسیر کارکن محمد ڈیڑھ ماہ سے علاج کیلئے ملتان سے کراچی لیجائے جانے کے منتظر ہیں: نوراللہ صدیقی
لاہور (25 فروری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور ادارے جو مرضی کر لیں نواز شریف واپس نہیں آئیں گے،نواز شریف واپس نہ آنے کے لیے ہی بیرون ملک گئے ہیں۔مریم نواز گئی تو وہ بھی واپس نہیں آئیں گی۔شہباز شریف کا ضمانت میں توسیع نہ ملنے پر واویلا کھسیانی بلی کھمبا نوچے والا ہے، پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے علاج اور آپریشن کے متعلق ان کے ذاتی معالج اور نمائندے مطمئن نہیں کر سکے، ان سے نواز شریف کے آپریشن کی تاریخ مانگی گئی جو نہیں دی گئی اور نہ ہی نواز شریف کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ کی کوئی رپورٹ پیش کی گئی، وزراء نے یہ بھی کہا مریض علاج کے لیے ہسپتال داخل ہوتا ہے جبکہ نواز شریف سیر سپاٹے کرتے پھررہے ہیں، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ہم تو اول روز سے ہی کہہ رہے ہیں کہ بیرون ملک جانا ایک ڈھونگ تھا اور اس ڈھونگ میں سبھی ملوث ہیں۔ نواز شریف سزا یافتہ قیدی تھے ان کے لیے وہ خصوصی سہولیات مہیا کی گئیں عام آدمی جن کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا۔ پاکستان عوامی تحریک کے اسیر کارکن محمدسلطان ڈیڑھ ماہ سے ملتان سے کراچی لے جائے جانے کے لیے منتظر ہیں مگر کوئی بات نہیں سن رہا جبکہ دوسری طرف نواز شریف کو علاج کیلئے لندن بھجوانے والے کہہ رہے ہیں کہ علاج کروانا دور کی بات وہ ہسپتال بھی نہیں گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے مجرموں کے ساتھ نرمی کا خمیازہ ملک اور قومیں بھگتتی ہیں۔
تبصرہ