حکومت بلا تاخیر بلدیاتی انتخابات کروائے: خرم نواز گنڈاپور
عوام کو بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم رکھنا غیر جمہوری
ہے
بلدیاتی نمائندے مہنگائی، بدامنی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہونگے: ورکرز کنونشن سے خطاب
ورکرز کنونشن سے جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول، مظہر محمود علوی و دیگر کا خطاب
لاہور (24 فروری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلاتاخیر بلدیاتی الیکشن کروائے، بلدیاتی نمائندے مہنگائی، بدامنی اورانتہا پسندی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہونگے۔ عوام کو نمائندے منتخب کرنے کے آئینی حق سے محروم رکھنا جمہوریت کی نفی ہے۔ ورکرز کنونشن سے جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول، یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، میاں عبدالقادر، میاں کاشف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن کے زمانے میں اپنے ہر جلسے میں بلدیاتی انتخابات کی افادیت اور فضیلت بیان کی، اب وقت آگیا ہے کہ وہ نچلی سطح پر ریاستی اختیارات کو بذریعہ بلدیاتی الیکشن منتقل کریں اور قومی ترقیاتی بجٹ کا 40فیصد بلدیاتی اداروں کے ذریعے استعمال کرنے کا وعدہ پوراکریں۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں، تنظیمی نیٹ ورک یونین کونسل کی سطح تک قائم کر دیا گیا ہے۔ اگلے ماہ رکنیت سازی مہم شروع کریں گے، عوام انقلاب چاہتے ہیں۔ یہ انقلاب ظلم، بیروزگاری، مہنگائی، ناانصافی کے خاتمے اور آئین کی ہر شق پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرنے سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے 11کروڑ عوام کو عوامی نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم رکھنا جمہوری سوچ نہیں۔ سابق حکمرانوں نے ریموٹ کنٹرول بلدیاتی انتخابات کروائے تھے جنہیں موجودہ حکمرانوں نے برطرف کر دیا۔ اس خلاء کو پورا کرنا بھی موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے ہی سستے اور فوری انصاف کو ہر گھر کی دہلیز پر پہنچانے کے خواب کی عملی تعبیر بن سکتے ہیں۔ بلدیاتی نمائندے مسائل کے حل میں حکومت کا دست و بازو ثابت ہوں گے۔ انتخابات میں جتنی تاخیر کی جائیگی سیاسی، سماجی اعتبار سے اتنی بے چینی بڑھے گی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کامیاب ورکرز کنونشن پر پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صوبائی صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول، میاں عبدالقادر اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری کو مبارکباد دی۔
تبصرہ