عوام کوبنیادی ضروریات زندگی کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: خرم نواز گنڈاپور
خارجہ امور میں حکومتی اقدامات اور پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق
اور قابل ستائش ہیں
پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، تیاریاں زور و شور سے
جاری ہے
بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے ترقیاتی منصوبوں کو بلدیاتی اداروں کے ذریعے عملی شکل
دینا ہو گی
شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد کرنا ہمارا فرض ہے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی
تحریک کی’’ہنر گھر‘‘ کی افتتاحی تقریب سے گفتگو
لاہور (22 فروری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ غریب کا جینا مشکل ہو گیا ہے حکومت ساری توجہ مہنگائی کم کرنے پر مرکوز کرے۔ عوام کوبنیادی ضروریات زندگی کی سہولتیں دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، کسی بھی ملک کے عوام کا خوشحال ہونا اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی دلیل ہے۔ اب محض بیانات نہیں عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ خارجہ امور میں حکومتی اقدامات اور پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق اور قابل ستائش ہیں، مسئلہ کشمیر اور دوسروں کی جنگ کا حصہ نہ بننے سے متعلق فیصلے دانشمندانہ ہیں، حکومت کو اب داخلی محاذ پر بھی بڑے فیصلوں کی ضرورت ہے، انتہا پسندی، فرقہ واریت، بے روزگاری، لا اینڈ آرڈر سر فہرست ایشوز ہیں۔ جب تک حکومت عوام کو مہنگائی کے گرداب سے نکالنے کے لئے ٹھوس عملی اقدامات نہیں کرے گی تب تک عام آدمی کی سانسوں پر لگی گرہ نہیں کھلے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام پھالیہ میں خواتین کےلئے بنائے گئے سلائی کڑھائی کے سکول (ہنر گھر) کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن پھالیہ کے مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اچھی جمہوریت کے قیام اور عوام کو ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے بلدیاتی ادارے ہونے چاہئیں۔ پاکستان عوامی تحریک کا شروع دن سے یہ موقف ہے کہ گراس روٹ تک منتخب حکومت اورعوامی نمائندے ہونے چاہئیں۔ جب تک تحصیل اور یونین کونسل سطح پر مالی و انتظامی اختیارات منتقل نہیں کیے جاتے اس وقت تک جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچیں گے، پسماندگی کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی وسیع تر فراہمی کےلئے ترقیاتی منصوبوں کو بلدیاتی اداروں کے ذریعے عملی شکل دینا ہو گی۔ لاقانونیت کے خاتمے، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی، بدعنوانی کے ناسور کا خاتمہ صرف گفتگو اور بیانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کےلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا تا کہ فلاحی ریاست کے تصور کو صحیح معنوں میں عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اس کے لئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہے۔ دنیا بھر کے جمہوری ملکوں میں مالی معاملات بلدیاتی ٹاؤن اور لوکل باڈیز کے پاس ہوتے ہیں صرف پاکستان کی جمہوریت میں پارلیمنٹرینز کو ڈویلپمنٹ کے فنڈ دئیے جاتے ہیں سارے فنڈز بلدیاتی اداروں کے پاس ہونے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کے اچھے اقدامات کی تعریف بھی کرتے ہیں اور جہاں مسائل کی نشاندہی کی ضرورت ہوتی ہے وہاں مثبت انداز میں تنقید برائے اصلاح بھی کرتے رہتے ہیں، پاکستان عوامی تحریک ایک متحرک سیاسی جماعت ہیں جسکا اپنا منشور اور نقطہ نظر ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد کرنا ہمارا فرض ہے اور یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لیے یہ فرض کامل انصاف ملنے تک نبھاتے رہیں گے۔
تبصرہ