موجودہ نظام غریب طبقے کی آواز کو دبانے کیلئے ہے: خرم نواز گنڈاپور
انصاف لوگوں کو ان کی دہلیز پر ملے گا تو جرم بھی کم ہوں گے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
عام انسان انصاف کیلئے پس رہا ہے، ملک لوٹنے والے بےگناہوں کو قتل کرنیوالے آزاد ہیں
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم پانچ سالوں سے انصاف مانگ رہے ہیں، صوبائی رہنماؤں سے گفتگو
لاہور(28 جنوری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ جب لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف ملے گاتو جرم بھی کم ہوں گے اور ہمارا شمار بھی دنیا کی مہذب قوموں میں ہونے لگے گا، یہی ترقی اور حقیقی تبدیلی کی طرف پہلا قدم ہو گا۔ ملکی ادارے سیاست کی نظر ہو چکے ہیں، کوئی بھی کام رشوت کے بغیر نہیں ہوتا، جن کا کام قانون سازی ہے وہ اسمبلیوں میں ذاتی اور خاندانی لڑائیوں میں مصروف ہیں جن سے ووٹ لیکر آئیں ہیں ان کے استحکام اور بقاء سے کھیل رہے ہیں۔ اس نظام کی تبدیلی ناگزیر ہے، جب احتساب کیلئے خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق اور حضرت علی رضی اللہ عنہما جیسی عظیم ہستیاں خود کو پیش کر سکتی ہیں تو ہماری کیا حیثیت ہے؟ عام انسان انصاف کے لیے پس رہا ہے جبکہ ملک لوٹنے والے، بے گناہوں کا قتل عام کرنے والے آزاد گھوم رہے ہیں، شفاف انصاف اوراحتساب کے تقاضے پورے ہوتے نظر نہیں آرہے۔ پانچ سال گزر گئے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو اقتدار سے الگ ہوئے بھی دو سال ہونے کو ہیں آخر کیا وجہ ہے کہ مظلوموں کو انصاف نہیں مل رہا؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی رہنماؤں بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، قاضی شفیق الرحمن، میاں ریحان مقبول، میاں عبدالقادر، میاں کاشف، چودھری افضل گجر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ضرور ملنی چاہیے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف کرنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں مظلوموں کے ساتھ جو کچھ ہوا کیمرے کی آنکھ سے پوری قوم نے دیکھا، میرا سوال صرف یہ ہے کہ مظلوموں کے قاتل آزادی کے ساتھ دندناتے کیوں پھررہے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نظام میں فیصلے صرف کمزور طبقے کے خلاف ہوتے ہیں، موجودہ نظام غریب طبقے کی آواز کو دبانے کے لیے ہے، مظلوم انصاف مانگتے مانگتے لحد میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جس منشور کا اعلان کیا تھا ہم دعا گو ہیں کہ وہ اس پر پورا اترے۔ پاکستان اسلامی ملک ہے جس کا قیام ہی اسلامی قانون اور انصاف کی بنیاد پر ہوا، اس ملک میں عدل کا یہ حال لمحہ فکریہ ہے، لوگوں کو انصاف ملتا ہو تو خریدنے یا زبردستی لینے کی نوبت کبھی نہیں آتی۔
تبصرہ