حکومت گیس کا پریشر بڑھائے، مہنگائی کا پریشر کم کرے: عوامی تحریک پنجاب
چولہے ٹھنڈے ہو گئے، اتحادی جماعتیں اپنے مطالبات میں عوامی مسائل کو بھی فوکس کریں
ہماری نظریں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف پر ہیں: بشارت جسپال، میاں ریحان، عارف چودھری
لاہور (16 جنوری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں بشارت جسپال، میا ں ریحان مقبول اور عارف چودھری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اتحادی جماعتیں اپنے مطالبات میں عوامی مسائل کو بھی شامل کریں۔ حکومت گیس کا پریشر بڑھائے، مہنگائی کے پریشر میں کمی لائے۔ چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ غریب کی نظر ترمیموں پر نہیں سستی روٹی اور سستے پیاز، ٹماٹر پر ہے۔ مہنگائی کا گھوڑا سرپٹ دوڑ رہا ہے۔ وزیراعظم نے مارکیٹوں کے دورے کیے لیکن اس کے ثمرات تاحال ظاہر نہیں ہوئے۔ مہنگائی کی حالیہ لہر نے پنشنرز، دیہاڑی دار مزدور طبقہ کے ساتھ سفید پوشوں کی بھی چیخیں نکال دی ہیں۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں۔ اب بات محض بیانات سے نہیں بنے گی۔ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہونگے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ غریب عوام نے تبدیلی سرکار سے بڑی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ حکمران اپنے دعوؤں کا بھرم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کا سردست مسئلہ مہنگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی دعا گو ہیں کہ حکومت نے عوام سے جتنے بھی وعدے کیے تھے ان میں سرخرو ہو بصورت دیگر وہی پرانے کرپٹ چہرے پلٹ آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دیا جائے۔ اس حوالے سے ہمیں اور ہمارے کارکنوں کو کوئی ریلیف یا انصاف نہیں ملا۔
تبصرہ