ڈاکٹر طاہرالقادری کا برفباری اور بارشوں سے آزاد کشمیر، شمالی علاقہ جات میں نقصان پر افسوس کا اظہار
تحریک منہاج القرآن مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ ہم وطنوں کے ساتھ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے اور راستے صاف کرنے کے لیے فوری طور پر مشینری پہنچائی جائے
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ ادارو ں کو فوری طور پر متاثرین کی ضروریات پر توجہ دینی چاہیے
تحریک منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات فی الفور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں: قائد منہاج القرآن کی ہدایت
گوشہ درود میں بارشوں اور برفباری سے شہید ہونیوالوں کےلئے دعائے مغفرت، خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک کی شرکت
لاہور( 15 جنوری 2020) تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آزاد کشمیر، شمالی علاقہ جات اور بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور غیر معمولی برفباری سے بڑے پیمانے پرہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی بخشش اور متاثریں کی حفاظت فرمائے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، تحریک منہاج القرآن کے کارکنان مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ ہم وطنوں کے ساتھ ہیں، متاثریں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ متاثرہ علاقوں میں سرکاری سطح پر امدادی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں جو حوصلہ افزا ہیں۔
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کے عوام کو خوراک، ادویات، ایندھن اور گرم بستروں کی اشد ضرورت ہو گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ ادارو ں کو فوری طور پر ان ضروریات پر توجہ دینی چاہیے، حکومت کے متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں کے شہریوں کی ضروریات کا اندازہ لگا چکے ہوں گے، اگر بڑی تعداد میں کمبل، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء کے لیے ان اداروں کو عوامی مدد کی ضرورت ہے تو اس مہم میں بھی تاخیر نہ کی جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شدید برفباری کی وجہ سے متا ثرہ علاقوں میں متعدد مقامات پر راستے بند ہیں، ان متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد مہیا کی جائے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے افواج پاکستان کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں بلاتاخیر امدادی سرگرمیاں شروع کیے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاءونڈیشن کی جملہ تنظیموں کو فی الفور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں کارکنان تنظیمات سے معلومات لیکر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کریں۔ کشمیر، وادی نیلم اور بلوچستان میں برفباری سے متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے اور راستے صاف کرنے کے لیے فوری طور پر مشینری پہنچائی جائے، یہ مشینری ان علاقوں میں بسنے والے عوام کی جان و مال کے لیے لاءف لائن کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری تھا کہ برف ہٹانے کی مشینری ان علاقوں میں دستیاب ہوتی کیونکہ بہت زیادہ نقصان بروقت راستے نہ کھلنے کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پیش بندی کیلئے بندوبست کر لیا جاتا تو ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو ریلیف مل سکتا تھا۔
دریں اثناء منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی گوشہ درود میں بارشوں اور برفباری سے شہید ہونیوالوں کےلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔ دعائیہ تقریب میں ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، سید مشرف شاہ، سید امجد علی شاہ، علامہ لطیف مدنی و دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ