پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس، عہدیداران کی شرکت
اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے
سے تفصیلی مشاورت کی گئی
پی اے ٹی نے بلدیاتی انتخابات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی جو بلدیاتی منشور بھی مرتب کرے
گی
آئین کے مطابق بااختیار بلدیاتی اداروں کی تشکیل ضروری ہوگئی ہے: میاں ریحان مقبول
نئے بلدیاتی نظام میں عوام کی بہتر اور بلاتعطل خدمت کو یقینی بنانا ہوگا: عارف چودھری
لاہور (31 دسمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں سنٹرل پنجاب کے صوبائی، ضلعی اور تحصیلی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں تنظیم سازی اور پی پی حلقہ جات کے وزٹ شیڈول کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن پاکستان عوامی تحریک عارف چودھری نے کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں آزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام شہروں میں پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل جاری ہے،اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آئین کے مطابق بااختیار بلدیاتی اداروں کی تشکیل ضروری ہو گئی ہے، بے اختیار بلدیاتی ادارے عوام کی کوئی خدمت نہیں کر سکیں گے، عوامی تحریک سنٹرل پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی انتخابات کے جملہ امور کی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلدیاتی منشور بھی مرتب کرے گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ہماری ملکی سیاسی حالات پر گہری نظر ہے، پاکستان عوامی تحریک ایک متحرک سیاسی جماعت ہے جس کا اپنا ویژن ہے،پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسل،ویلج کونسل،تحصیل اور میونسپل کارپوریشن سطح پر پڑھے لکھے اور ایماندار امیدوار لائے گی، پاکستان عوامی تحریک کی ساری جدوجہد غریب عوام کو بنیادی حقوق دلوانے کیلئے ہے، عوام کوبھی اپنی ذمہ داریوں کو پہنچانا ہو گا اور ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہو گا، پاکستان عوامی تحریک ملک میں خوشحالی کیلئے سنجیدہ، موثر اور عملی جدوجہد کررہی ہے، اجلاس میں سینئر نائب صدر وسیم ہمایوں، میاں عبدالقادر، چودھری افضل گجر، شفاقت مغل، ملک شفیق الرحمن، رانا طاہر سلیم، ملک فاروق، اعظم گوندل، لیاقت کاٹھیا سمیت اہم رہنما شریک تھے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ عوام دشمن نظام کو بدلنے کی جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی، انقلاب کا قافلہ رواں دواں ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں عوام کی بہتر اور بلاتعطل خدمت کو یقینی بنانا ہو گا۔ اختیارات کو بنیادی سطح پر حقیقی معنوں میں منتقل کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے برادری ازم کا خاتمہ ہو گا اور حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر نئی لیڈر شپ ابھرے گی۔ عارف چودھری نے کہا کہ 2001 ء اور 2005 ء کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب میں دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، ہمارے سینکڑوں کونسلرز،ناظمین،نائب ناظمین منتخب ہوئے تھے، آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پی اے ٹی ایک بار پھر بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، پاکستان عوامی تحریک کی عوام دوست پالیسیوں نے اسے شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی یکساں مقبولیت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں اور بے گناہوں کا قتل عام کرنے والوں کو تحفظ دینے کی بجائے سزائیں ملنی چاہئیں۔ کرپشن کے خلاف مہم کو اورتیز ہونا چاہیے، کسی قاتل اور لٹیرے کی چیخ و پکار کو خاطر میں نہ لایا جائے۔
تبصرہ