تحریک پاکستان میں طلباء نے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں: خرم نواز گنڈاپور
قائداعظم محمد علی جناحؒ کو طلباء سے محبت تھی، طلباء کا اولین فرض علم کا حصول ہے: سیکرٹری جنرل PAT
قائداعظمؒ کے فرمودات پر عمل نہ کر کے آج ہم مسائل اور بحرانوں کا شکار ہیں
طلبہ قائداعظم کے ارشادات کی روشنی میں زندگی گزاریں: تقریب سے خطاب
لاہور (25 دسمبر 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کی عظیم جدوجہد میں برصغیر کے مسلم طلبہ نے مشکل حالات اور بے سروسامانی کے عالم میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا پیغام گھر گھر پہنچایا، قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلم نوجوانوں کے اندر حوصلہ پیدا کیا اور فرمایا تعمیر پاکستان کی راہ میں مصائب اور مشکلات کو دیکھ کر نہ گھبرائیں، قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کو طلباء سے محبت تھی، قائداعظم نے مسلم طلباء کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے فرمایا ہے نوجوان طلبہ میرے قابل اعتماد کارکن ہیں، طلباء نے اپنے بے پناہ جوش اور ولولے سے قوم کی تقدیر بدل ڈالی ہے، طلباء کا اولین فرض علم کا حصول ہے، طلباء پر قوم اور والدین کی طرف سے بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، تحریک پاکستان میں مسلم طلباء نے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔ طلباء اپنی توجہ صرف حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر ایم ایس ایم عرفان یوسف، ضیاء الرحمن ضلج، اخلاق حسین، یونس نوشاہی، فراز ہاشمی، احسان سنبل، میاں انصر و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی فکر کا تسلسل ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے فرمودات پر عمل نہ کر کے آج ہم مسائل اور بحرانوں کا شکار ہیں، قائداعظم نوجوانوں کو پاکستان کا حقیقی معمار سمجھتے تھے، اس وقت ہمارے ملک میں اکثریت نوجوانوں کی ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ قائداعظم کے ارشادات کی روشنی میں زندگی گزاریں، نوجوانوں کواپنا وقت ملت کی تعمیر و ترقی میں صرف کرنا ہو گا، نوجوان نہ صرف اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں بلکہ ملک کو بھی اقوام عالم میں پہلی صف میں لانے کا کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔ طلبہ نظم و ضبط کواپنا شعار بنائیں، قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کا فرمان ہے کام، کام اور کام، جس قوم نے بھی اس فرمان پر عمل کیا اس نے ترقی کی۔ نوجوان اگر چاہیں تو ستاروں پر کمند ڈال سکتے ہیں لیکن اس کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر صدق دل سے عمل کرنا ہو گااسی میں ان کی فلاح اور کامیابی کا راز مضمر ہے۔
تبصرہ