قائداعظم کی فکر کا تسلسل ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے: خرم نواز گنڈاپور
نوجوانوں نظم و ضبط کواپنا شعار بنائیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
کی منہاج یوتھ لیگ کے رہنماؤں سے گفتگو
بانی پاکستان کے یوم ولادت پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب کا اہتمام، کیک کاٹا
گیا
پاکستان کوقائداعظم جیسے لیڈر کی ضرورت ہے: بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک
و دیگر مقررین کا خطاب
لاہور (24 دسمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی فکر کا تسلسل ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، قائداعظم کے فرمودات پر عمل نہ کر کے آج ہم مسائل اور بحرانوں کا شکار ہیں۔ قائداعظم نوجوانوں کو پاکستان کا حقیقی معمار سمجھتے تھے، اس وقت ہمارے ملک میں اکثریت نوجوانوں کی ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ قائداعظم کے ارشادات کی روشنی میں زندگی گزاریں، نوجوانوں کواپنا وقت ملت کی تعمیر و ترقی میں صرف کرنا ہو گا، نوجوان نہ صرف اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں بلکہ ملک کو بھی اقوام عالم میں پہلی صف میں لانے کا کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔ نوجوانوں نظم و ضبط کواپنا شعار بنائیں، قائداعظم کا فرمان ہے کام، کام اور کام، جس قوم نے بھی اس فرمان پر عمل کیا اس نے ترقی کی۔ نوجوان اگر چاہیں تو ستاروں پر کمند ڈال سکتے ہیں لیکن اس کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر صدق دل سے عمل کرنا ہو گا اسی میں ان کی فلاح اور کامیابی کا راز مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، منصورقاسم اعوان، انعام مصطفوی، محسن شہزاد، محمد ذیشان، حاجی فرخ و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے محنت، لگن اور ایمانداری کو اپنی زندگی کا شعار بنانا ہو گا۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 143 ویں یوم ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سہیل احمد رضا، عارف چودھری و دیگرمقررین نے کہا کہ قائداعظم اصول پسند سیاستدان اور مخلص لیڈر تھے، پاکستان کوآج قائداعظم جیسے لیڈر کی ضرورت ہے۔ تقریب میں قاضی فیض الاسلام، چودھری افضل گجر، میاں زاہد جاوید، سعید اختر، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، ثاقب بھٹی، طیب ضیاء، علامہ آصف اکبر میر و دیگر رہنما شریک تھے۔
تبصرہ