پاکستان کی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ کرپٹ نظام ہے: خرم نواز گنڈاپور
سیاست اور جمہوریت کے موجودہ ماڈل نے عوام کو عاجز اور بےبس کر
کے رکھ دیا ہے
طاہرالقادری کی جدوجہد پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے
کیلئے ہے
23 دسمبر 2012ء کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایسا ایجنڈا دیا جس میں عوام کیلئے خوشحالی
تھی
لاہور (23 دسمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی ترقی و خوشحالی کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ کرپٹ نظام ہے، پاکستان عوامی تحریک نے اسی عوام دشمن نظام کی تبدیلی کے لیے آواز اٹھائی اور ہمیشہ عملی جدوجہد کی۔ پاکستان سیاست اور جمہوریت کے ذریعے معرض وجود میں آیا، تحریک پاکستان کے دوران لوگوں کا یقین محکم تھا کہ سیاست اور جمہوریت مسائل کو حل کر کے انہیں جینے کا حق دے سکتے ہیں۔ آج سیاست اور جمہوریت کے موجودہ ماڈل نے عوام کو عاجز اور بے بس کر کے رکھ دیا ہے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کے لیے ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کبھی بھی سیاست نہیں بلکہ ہمیشہ استحصالی سیاسی نظام اور سٹیٹس کو کے خاتمے کی بات کی ہے، عوام کے سامنے ایسا فلاحی اور حقیقی جمہوری نظام رکھا ہے جس میں عوام کے دکھوں کا مداوا ہو،جو آئین اور قانون کے مطابق ہو۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ریاست کے سیاسی، سماجی اور معاشی امراض کی تشخیص کی، پاکستان کے باشعور عوام نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تشخیص سے اتفاق کیا۔ 23 دسمبر 2012ء کو مینار پاکستان کے تاریخی گراؤنڈ میں ہونے والے تاریخی جلسے ”عوامی استقبال“ جس میں لاکھوں لوگ اپنے خرچ پر جمع ہوئے اس بات کی دلیل ہے کہ عوام نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کی حمایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے رہنماؤں سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، قاضی شفیق، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، چودھری افضل گجر، شفاقت مغل، میاں افتخار، راجہ ندیم و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک جمہوریت اور جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے لیکن جمہوریت محض عارضی عمل کا نام نہیں بلکہ ایک مستقل رویے کا نام ہے۔ اس ملک میں 70 سال سے انتخابی عمل جاری ہے مگر جمہوریت نہ آسکی، ادارے تباہی کی طرف جارہے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن سمیت بڑے بڑے جرائم اور کرپشن پر کوئی احتساب نہیں ہو سکا، کوئی گرفت نہ ہو سکی بلکہ ملزمان شان و شوکت پا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک 70 سال سے جاری اس بےنتیجہ مشق کی بجائے پورے نظام کو تبدیل کر کے ایک ایسے نظام کے قیام کے لیے جہدوجہد کررہی ہے جس میں عام آدمی کو طاقت ملے، ادارے مضبوط ہوں، عوام کو حقوق اور انصاف ملے۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر 2012ء کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوام کو ایک ایسا قومی ایجنڈا دیا جو جس میں پاکستان اور عوام کے لیے خوشحالی تھی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوام کو سیاسی لٹیروں اور فصلی بٹیروں سے نجات کا راستہ دیا۔
تبصرہ