تاجروں کے مسائل حل کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں: عوامی تاجر اتحاد
مشکل حالات کے باوجود تاجر برادری نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے: حاجی اسحاق
درآمد اور برآمدات میں عدم توازن دور ہو گا تو معاشی مشکلات کم ہوں گی: الطاف رندھاوا
لاہور (22 دسمبر 2019) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق اور مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل حل کیے بغیر مستحکم معاشی ترقی ممکن نہیں، تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جن کو پرسکون اور آزادانہ کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر کبھی بھی معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ثاقب بھٹی، راشد چودھری، حاجی عبدالخالق، احمد صادق، میاں محبوب، فاروق علوی، میاں عامر اسحاق، شیخ عامر رفیع و دیگر تاجر رہنما موجود تھے۔
حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ تاجروں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے، مشکل حالات کے باوجود تاجر برادری نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد پاکستان کو تاجر برادری کی مشکلات کا مکمل ادارک ہے، اسی لیے ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش ہے کہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائی جائے اور ہم تاجروں کے حقوق کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ اقتصادی پالیسیوں میں بہتری آئے گی تو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا، بیرون ملک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرجوش ہیں۔ یہ ایک خوش آئند اور حوصلہ افزا بات ہے، انہوں نے کہا کہ اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری سے ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا جس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت درآمد اور برآمدات میں جو عدم توازن ہے اسے دور کر کے ہی ہم معاشی مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ حکومت بیرون ملک مارکیٹوں تک پاکستانی برآمدات کی رسائی کی راہ ہموار کرے۔ ہمیں قرضوں کی بجائے تجارت بڑھانے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر خوشحال ہوں گے، ان کے مسائل حل ہوں گے تو وہ ٹیکسوں اور سرکاری محصولات کے ضمن میں حکومتی اہداف پورا کرنے میں حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے۔ ملکی ترقی اور خوشحالی تاجروں کی معاونت سے ہی ممکن ہے۔
تبصرہ