سزایافتہ مجرموں کی کوریج پر پابندی خوش آئند ہے: خرم نواز گنڈاپور
مالی جرائم میں ملوث سیاسی عناصر میڈیا کوریج کو ادارہ مخالف مہم
کے طور پر استعمال کرتے ہیں
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی عوامی لائرز ونگ کے رہنماؤں سے ملاقات
لاہور (13 دسمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اخلاقی و مالی جرائم میں سزا یافتہ مجرموں کی میڈیا کوریج پر پابندی کا اقدام خوش آئند ہے۔ اہم عہدوں پر براجمان رہنے والے بددیانت عناصر کو نیشنل میڈیا کے ذریعے قوم سے مخاطب ہونے کا کوئی حق نہیں ہے، مالی جرائم میں ملوث سزا یافتہ عناصر میڈیا کوریج کو مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں اور وہ اپنی سزا کو غلط قرار دے کر عدلیہ کے خلاف منفی مہم چلاتے اور اداروں کو بدنام کرتے ہیں اور تفتیشی اداروں پر رعب ڈالتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے عوامی تحریک لائرزونگ کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انوار اختر ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سزا یافتہ مجرموں کو ہیرو بناکر پیش کرنے سے مجرمانہ سرگرمیاں بڑھتی ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ریاست مخالف عناصر اور اخلاقی مجرموں کو ٹی وی پر دکھانے کی کوئی روایت نہیں ہے، ایسے مجرموں کو اگر دکھانا مقصود بھی ہو تو بطور عبرت قانون کی گرفت میں دکھایا جاتا ہے، جیلوں سے سزائیں کاٹنے کے بعد ڈھٹائی سے وکٹری کا نشان بنانے والوں کے متعلق پوری قوم پر حق اور سچ واضح ہونا چاہیے۔ منفی میڈیا مہم سے چور اور چوکیدار کی تمیز ختم نہیں ہونے چاہیے۔
تبصرہ