قومی لٹیروں کو وطن واپس لایا جائے: پروڈکشن آرڈر کا قانون ختم کیا جائے، عوامی تحریک
کرپٹ عناصر کو بیرون ملک بھیجناکرپشن کے خاتمے کے بلند و بانگ دعووں کی نفی ہے
کرپشن کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر عوامی تحریک کے رہنماؤں خرم نواز گنڈا پور ودیگر کا بیان
لاہور (9 دسمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کرپشن کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قاتل اور پاکستان کا کرپٹ ترین شخص ضمانت پر ہے اور لندن میں موج میلے کر رہا ہے۔ جب قومی مجرموں کو قانون سہولتیں دے گا تو کرپشن کبھی ختم نہیں ہو گی قاتل اعلیٰ شہباز شریف کی ضمانت کینسل کی جائے اور اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پروڈکشن آرڈر کی آڑ میں قومی لٹیروں کو ریلیف دینے کا قانونی چور دروازہ بند ہونا چاہیے۔ کرپٹ لیڈروں کو بیرون ملک بھیجنے سے رزق حلال کمانے اور کھانے والے محب وطن پاکستانی ملکی مستقبل کے حوالے سے فکر مند ہیں۔ جس شخص کو شدید بیمار ظاہر کر کے ائیر ایمبولینس پر بیرون ملک بھجوایا گیا وہ برطانیہ میں سیاسی اجلاس منعقد کر رہا ہے، کرپٹ عناصر کو جو کوئی بھی ریلیف اور سہارا دے گا وہ قوم کا مجرم ہو گا۔ قومی لٹیروں کو وطن واپس لایا جائے۔
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور قاضی شفیق نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان کو کرپشن نے تباہ کر دیا۔ نواز شریف خاندان نے کرپشن کے جدید ذرائع متعارف کروائے، اربوں کی لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کی، اگر اس خاندان کے کرپٹ افراد کا کڑا احتساب نہیں ہو گا تو کرپشن کبھی ختم نہیں ہو گی، قومی لٹیروں کو معافیاں ملیں گی تو کرپشن کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی رہے گی۔
تبصرہ