ملک بھر میں عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل شروع
مضبوط بلدیاتی اداروں کے قیام سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی: قاضی زاہد حسین
پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں نیبر ہڈ کونسل، ویلج کونسل اور ہر سطح پر امیدوار اتارے گی
آئین و قانون کی حکمرانی، کمزوروں کے حقوق کے تحفظ اور نظام کی اصلاح کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے
لاہور (2 دسمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ عوامی تحریک آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، بااختیار بلدیاتی ادارے اور بااختیار عوام کے سیاسی فلسفے پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان عوامی تحریک نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے تنظیم سازی اور رکنیت سازی مہم پورے ملک میں شروع کر دی ہے، ملک کے تمام اضلاع میں عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل شروع ہے، لوگ عوامی تحریک کی ممبر شپ حاصل کررہے ہیں، پاکستان عوامی تحریک نے ملک میں سیاسی شعور کو بیدار کیا اور یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے، عوامی تحریک کے کارکن پرعزم تھے، پرعزم ہیں اور پرعزم رہیں گے، پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں نیبر ہڈ کونسل، ویلج کونسل اور ہر سطح پر امیدوار اتارے گی، مضبوط بلدیاتی اداروں کے قیام سے خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، عوام بلدیاتی انتخابات میں پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں عارف چودھری، میاں ریحان مقبول، شفاقت مغل، میاں افتخار، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، راجہ ندیم و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قاضی زاہد حسین نے کہا کہ نظام بدلے گا تو حالات بدلیں گے، سابق کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کو شہید کیا، 5سالوں سے عدالتوں سے انصاف مانگ رہے ہیں، شہداء کے ورثاء انصاف کے لیے جہاں پہلے دن کھڑے تھے وہیں آج کھڑے ہیں، پاکستان عوامی تحریک آئندہ نسلوں کو پرامن، خوشحال پاکستان دینے کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ شفاف، غیر جانبدار بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، ووٹر لسٹ، حلقہ بندیاں اور پولنگ سکیمیں انتخابی حلقوں کی ضرورت کے مطابق بنانا ہوں گی، فعال بلدیاتی ادارے نہ ہونے کی وجہ سے آج ملک کے تمام اضلاع میں سٹریٹ لائٹس، سیوریج، صاف پانی کی فراہمی، تعلیم اور صحت کے مسائل سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بااختیار بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوری نظام کی تشکیل ممکن نہیں ہوتی، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان اور عہدیداران بلدیاتی انتخابی مہم تیز کر دیں، عوامی تحریک کے امیدوار بلدیاتی انتخابات میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لیں گے۔ آئین و قانون کی حکمرانی، کمزوروں کے حقوق کے تحفظ اور نظام کی اصلاح کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے، پاکستان عوامی تحریک اسی ویژن اور مشن کے ساتھ اپنا سیاسی کردار ادا کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔
تبصرہ