پاکستان عوامی تحریک لاہور کا 60 یوم میں لاہور کے تمام پی پی حلقہ جات میں تنظیم نو کا فیصلہ
فیصلہ لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کیا گیا، رکنیت سازی مہم
شروع کی جائیگی
لاہور بھر میں 60 دنوں میں 20 ہزار نئے ممبرز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا
میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، افضل گجر و دیگر کا خطاب
ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں پی پی صدور اورممبران نے شرکت
لاہور (24 نومبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی تحریک لاہور کے پی پی صدور اورممبران نے شرکت کی، صدر عوامی تحریک لاہور چوہدری افضل گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک لاہور نے 60 روز کے اندر لاہور کے تمام پی پی حلقہ جات کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے۔
رکنیت سازی مہم بھی شروع کی جائیگی جس کےلئے 60 یوم میں 20ہزار نئے ممبرز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ عوامی تحریک لاہور ضلع بھر کی تمام نیبر ہڈ کونسلز میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی جس کےلئے جلد عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک لاہورکی تنظیم نو اور امیدواران کے چناؤ کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔
نئے بلدیاتی انتخابی نظام میں عام آدمی کےلئے گنجائش ہے کہ وہ عوامی نمائندگی کےلئے اپنے آپ کو پیش کر سکتا ہے، روایتی سیاسی طورپر جماعتوں سے باہرنکل کرعوام کو اپنا حق حاکمیت اپنے ہاتھ میں لینا ہو گا تاکہ عام آدمی کی نمائندگی کا حق ادا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی صحیح تفتیش نہ ہوئی تو ماڈل ٹاؤن کے مظلوم ورثا کو انصاف نہیں ملے گا۔ نئی جے آئی ٹی کو اپنی تفتیش مکمل کرنے دی جائے۔
جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے نظام کی تبدیلی، کرپشن کے خاتمے اور آئین و قانون کی حکمرانی کےلئے طویل ترین عملی جدوجہد کی ہے۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی پیش آیا۔ 5سالوں سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کےلئے پر امن قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مظلوم انصاف کےلئے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی، سانحہ ماڈل ٹاؤن شریف برداران کے گلے کا پھند ہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام بلدیاتی اداروں میں ایسے امیدوار منتخب کرکے بھیجیں جو محرومیوں کا ازالہ کرنے کے جذبے سے سرشار ہوں۔
مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی انقلابی فکر کو اپنائے بغیر حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ موجودہ نظام عوام کو حقوق دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ بلدیاتی نظام میں کی گئی اصلاحات خوش آئند ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور پی پی سطح پر بلدیاتی کنونشنز کا انعقاد کر کے عوامی آگاہی کے عمل کا آغاز کرے گی تاکہ لوگوں کو شعور کی طاقت سے میدان عمل میں اتارا جائے اورحقیقی عوامی نمائندے سامنے آ سکیں۔ پی اے ٹی کا سیاسی ویثرن ہر گھر تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کےلئے بہت دباؤ آئے اور لالچ دئیے گئے مگر عوامی تحریک کے غیور کارکنان نے جھکنے سے انکار کر دیا۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول، میاں عبد القادر، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل، سجاد خان، عباس خان و دیگر رہنما موجود تھے۔
تبصرہ