علامہ محمد اقبال کا فلسفہ خودی غلامی کی ہر شکل سے نجا ت کا نسخہ کیمیا ہے: خرم نواز گنڈاپور
علامہ محمد اقبال کے دل کی کائنات عشق نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم کی روشنی سے منور تھی
نوجوان بحیثیت پاکستانی اپنے آپ کو فکری اور نظریاتی اعتبار سے مضبوط کریں: سیکرٹری
جنرل پی اے ٹی
لاہور (8 نومبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے142 ویں یوم ولادت پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ایک سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے۔ انہوں نے اپنے اشعار کے ذریعے سے بھٹکی ہوئی امت مسلمہ کی رہنمائی کی۔ عشق نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی سے علامہ محمد اقبال کے دل کی پوری کائنات منور تھی۔ علامہ اقبال نے ایمان کی تکمیل کےلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات تک رسائی کو نا گزیر قرار دیا۔ حکیم الامت نے اپنے اشعار میں مسلمانوں کو ایمان کی پختگی اور سلامتی کےلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ادب و محبت کی ترغیب دی۔ عشق رسول اور صحابہ کرام سے محبت علامہ اقبال کی شاعری کا جزو اعظم ہے۔
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر مظہر علوی، منصور قاسم، حافظ وقار، حاجی فرخ، ہارون ثانی، انعام مصطفوی، محسن شہزاد و دیگر موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا فلسفہ خودی غلامی کی ہر شکل سے نجا ت کا نسخہ کیمیا ہے۔ حکیم الامت اغیار کی کاسہ لیسی سے نجات اور ایک باوقار قوم کی تشکیل کے لئے نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ دیکھنا چاہتے تھے، نوجوان فکر اقبال سے رہنمائی لیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی تخلیقات کا مرکز و محور نوجوان تھے۔ اقبال نوجوانوں کو جدید عصری، دینی و دنیاوی تعلیم کی جدوجہد میں مشغول دیکھنا چاہتے تھے یہی قرآنی حکم ہے اور یہی حکم محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور یہی ہمارے اسلاف کی فکر ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ نوجوان اقبالیات کا عمیق نظری سے مطالعہ کریں، دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی علوم اور کتب کے مطالعہ سے رغبت پیدا کریں۔ نوجوان بحیثیت پاکستانی اپنے آپ کو فکری اور نظریاتی اعتبار سے مضبوط کریں ۔ حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ;; اسلامی و ملی درد رکھنے والے اور قومی غیرت و حمیت سے سرشار سچے اور پکے مسلمان تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اقبالیات کا مضمون ہر سطح کے تعلیمی اداروں میں بطورلازمی مضمون پڑھایا جانا چاہیے۔ دریں اثناء آج 9 نومبر ہفتہ کو تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں پر مشتمل وفد مزار اقبال پر حاضری دے گا اور قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائے گا۔
تبصرہ