حقیقی جمہوری معاشرے کے قیام میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے: خرم نواز گنڈاپور
صحافیوں کو ملازمتوں کا تحفظ، تعلیم، صحت اور علاج کی مفت سہولیات ملنی چاہئیں
صحافی باشعور، جراَت مند ہیں مشکل ترین حالات میں فراءض انجام دے رہے ہیں:
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (2 نومبر 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ فلاحی ریاست کی تشکیل اور حقیقی جمہوری معاشرے کے قیام اور اس کے استحکام میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے، ملک میں آمریت ہو یا جمہوریت صحافیوں نے اس کی بڑی قیمت چکائی، انتہائی نامساعد حالات میں بھی میڈیا سے وابستہ کارکنان صحافی، رپورٹرز، اینکرز اپنا قومی و ملی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہر دور میں ہر شخصیت آزادی اظہار کی بات کرتی ہے مگر برداشت کوئی کوئی کرتا ہے، شعبہ صحافت کی طرف سے اخلاص اور نیک نیتی کے ساتھ مسائل کی نشاندہی کرنا ایک بڑی قومی، انسانی خدمت ہے، پاکستان کے صحافی باشعور، جراَت مند اور مشکل ترین حالات میں اپنے فراءض انجام دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل و دیگر رہنما موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں صحافیوں کے تحفظ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جہاں میڈیا کو مثالی آزادی میسر ہو، میڈیا سے وابستہ صحافی قربانیاں دیتے اور اپنے لیے راستہ بناتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ صحافیوں کو ان کی ملازمتوں کا تحفظ اور ان کے اہل و عیال کو تعلیم، صحت اور علاج کی مفت سہولیات ملنی چاہئیں اور میڈیا کو بطور انڈسٹری پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے حکومت کو ہمدردانہ اور ذمہ دارانہ پالیسی مرتب کرنی چاہیے۔ صحافت سوسائیٹی کا آئینہ اور ریاست کا چوتھا ستون ہے، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیشہ پہلی آواز صحافتی ایوانوں سے بلند ہوئی، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور 2014 ء کے دھرنے میں پاکستان کا الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا مظلوموں کی آواز بنا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تبصرہ