سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں: بشارت جسپال
شہباز شریف کے حکم پر صوفی اقبال شہید کے گرفتار بیٹے کو نماز
جنازہ بھی نہیں پڑھنے دی گئی
ظالم اس دنیا میں بھی اپنے کیے کی سزا بھگتتے ہیں: صدر پنجاب عوامی تحریک
لاہور (23 اکتوبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کسی رو رعایت کے مستحق نہیں ہیں، 17 جون 2014 ء کے دن صوفی اقبال شہید کے بیٹے آصف اقبال کو شہباز شریف کی پولیس نے گرفتار کیا اور اگلے دن تمام تر کوششوں کے باوجود نوجوان آصف اقبال کو اپنے باپ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی، آج کل ایسی صورت حال نہیں ہے کہ کسی پر رحم کھایا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
بشارت جسپال نے کہا کہ انسان جو بوتا ہے وہ اس دنیا میں بھی کاٹتا ہے۔ ظالم اس دنیا میں بھی اپنے کیے کی سزا بھگتتے ہیں اور ہم سب اپنی آنکھوں سے یہ دیکھ رہے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی سسکیاں آسمان والے تک پہنچیں جس کی وجہ سے انسانیت کے قاتل نشان عبرت بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس عدالت میں ہے اور ہم حصول انصاف کے لیے عدالت کے دروازے پر کھڑے ہیں، ہمارا ایمان ہے ظالم کے خلاف اللہ کا امر نازل ہونے میں دیر تو ہو سکتی ہے مگر اندھیر نہیں، ان شاء اللہ انصاف ہو گا اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف ملے گا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے کارکنوں کے انصاف کی جدوجہد کرنے کا حق ادا کر دیا، 5سال کا کوئی دن ایسا نہیں گزرا کہ انہوں نے مقدمات کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر معلومات نہ لی ہوں اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور زخمیوں کی خیرت دریافت نہ کی ہو، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل اور ان کے حواری اس دنیا میں بھی خوار ہورہے ہیں اور آخرت میں بھی ان کے لیے رسوائی ہے۔
تبصرہ