پنجاب حکومت ترقیاتی فنڈز میں وفاق کی طرف سے کٹوتی کے کسی فیصلے کو قبول نہ کرے: نوراللہ صدیقی
معاشی ٹیم کے ذریعے فنڈز میں کٹوتی کے معاملے کو مفادات کی
مشترکہ کونسل میں اٹھائیں
وفاق کے مطالبے کو مان لیا گیا تو تعلیم، صحت کے منصوبے متاثر ہونگے: مرکزی سیکرٹری
اطلاعات
لاہور (13اکتوبر 2019) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ترقیاتی منصوبوں کے لئے تجویز کئے فنڈز میں وفاق کی طرف سے کٹوتی کے کسی فیصلے کو قبول نہ کرے، صوبہ کے عوام کے مفادات کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت وفاق کی طرف سے ترقیاتی فنڈز اور گرانٹس کی مد میں 60 فیصد تک کٹوتی کیے جانے سے متعلق لکھے گئے مراسلے کو قبول نہ کرے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اس مسئلہ پر ہرگز کمزوری اور خاموشی نہ دکھائیں، صوبہ کے عوام کی بہبود کے سوال پر کوئی کمپرومائز نہ کریں۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنی معاشی ٹیم کے ذریعے فنڈز میں کٹوتی کے معاملے کو مفادات کی مشترکہ کونسل میں اٹھائیں اور اپنے عمل سے ثابت کریں کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ کے مفادات کا تحفظ ان کی پہلی ذمہ داری ہے، انھوں نے کہا کہ اگر فنڈز میں کٹوتی کے وفاق کے مطالبے کو مان لیا گیا تو اس سے تعلیم، صحت کے منصوبے بھی متاثر ہونگے اور اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی گورننس پر بھی سوال اٹھیں گے۔
تبصرہ