ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ہڑتال سے غریب مریض متاثر ہو رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹرز مطالبات منوانے کےلئے ایسا طریقہ نہ اپنائیں جس سے
انسانی جانیں خطرے سے دوچار ہو جائیں
انسانی جانیں بچانے والے مسیحاءوں کے جائز مطالبات حل ہونے چاہیں
ڈاکٹرز ہسپتال بند کرنے کا فیصلہ واپس لیں اور مریضوں کو علاج سے محروم نہ کریں
وفاقی و صوبائی حکومتیں سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مسئلے کا فوری حل نکالیں:
سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (12 اکتوبر 2019ء) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ہڑتال و احتجاج سے جو مسائل پیدا ہو رہے ہیں اس سے براہ راست وہ غریب مریض متاثر ہو رہے ہیں جو نجی ہسپتالوں سے علاج کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ غریب عوام کو پہلے ہی علاج کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ڈاکٹرز اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر معاملے کا فوری حل نکالیں تاکہ مریضوں کو علاج کی سہولتیں مل سکیں۔ حکومت ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کر کے پریشان حال عوام پر رحم کرے۔ ڈاکٹرز بھی اپنے حق کےلئے احتجاج ضرور کریں مگر ہڑتال کرکے وہ غریب مریضوں کی پریشانیوں میں اضافہ نہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاءون میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک پنجاب کے صوبائی صدر بشارت جسپال، میاں ریحان مقبول، خالد درانی، سید امجد علی شاہ، علامہ عبد الحئی علوی، چوہدری افضل گجر و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ہڑتال کی وجہ سے غریب مریض دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اس لئے مسیحائی کی شعبے سے وابستہ افراد کو اپنے مطالبات کےلئے ایسا طریقہ نہیں اپنانا چاہیے جس سے انسانی جانیں خطرے سے دوچار ہو جائیں۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کہا کہ تما م سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مسئلے کو فوری حل نکالیں۔ اس مسئلے کا طوالت اختیار کر جانا مریضوں اور انکے خاندانوں کےلئے اذیت کا باعث ہے اس لئے حکومت پہلی ترجیح میں اس مسئلے کا فی الفور حل کرے۔ انسانی جانیں بچانے والے مسیحاءوں کے جائز مطالبات حل ہونے چاہےں۔
خرم نواز گنڈاپور نے اپیل کی کہ ڈاکٹرز ہسپتال بند کرنے کا فیصلہ واپس لیں اور مریضوں کو علاج سے محروم نہ کریں تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور ٹیسٹ لیبارٹریوں کو فعال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی مریضوں کی مشکلات کو مدنظر رکھے اور کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائے جو اس مقدس پیشے سے وابستہ افراد کے مفاد کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے ہسپتالوں کی او پی ڈی، ریڈیالوجی، پتھالوجی اور آپریشن تھیٹر بند ہے جس کی وجہ سے مریض شدید ترین مشکلات کا شکار ہیں۔
تبصرہ