عوامی تحریک کے وفد نے باٹاپور میں شہداء کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں
کروڑوں محب وطن عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (6 ستمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں کے ایک وفد نے باٹا پور میں شہداء کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، ڈائریکٹر انٹرفیتھ سہیل احمد رضا، ثاقب بھٹی و دیگر عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔
پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ پاکستان شہداء کے خون کے نذرانے سے وجود میں آیا اور شہداء کا خون ہی اس ملک کی حفاظت کررہا ہے اور مستقبل میں بھی اگر کسی اندرونی، بیرونی دشمن نے ہماری سلامتی پر بری نگاہ ڈالی تو پاکستان کے کروڑوں عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ ان کے مذموم عزائم خاک میں ملادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ستمبر کے شہداء قوم کے ہیرو ہیں، ان عظیم سپوتوں نے حب الوطنی اور جذبہ ایمانی کے ساتھ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور دشمن کو ناپاک قدم اپنی سرزمین پر رکھنے کی جرأت نہ ہونے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام امن پسند ہیں، وہ امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، اگر کوئی اپنی طاقت کے زعم میں انسانیت کا خون بہانے کی کوشش کرے گا تو وہ یاد رکھے پاکستان ایٹمی ملک ہے اور یہ ایٹمی صلاحیت ہم نے اپنے دفاع کے لیے حاصل کی ہے۔ جب وطن کی سلامتی پر آنچ آئے گی تو نتائج کی پرواہ کیے بغیر یہ ایٹم بم حرکت میں آئے گا۔
تبصرہ