وطن کی حرمت پر قربان ہونیوالے قوموں کا فخر ہوتے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
شہداء کے خون کے صدقے پاکستان قیامت تک کےلئے قائم رہے گا: قائد
منہاج القرآن
وطن کےلئے جانوں کے نذرانے دینے والے عظیم اور قوم کے ہیرو ہیں ،یوم دفاع پر بیان
عوامی تحریک کا وفد باٹا پور میں جنگ ستمبر کے شہدا کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں
چڑھائے گا
لاہور (5 ستمبر 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن و سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 6 ستمبر یوم دفاع کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان شہدا کی امانت ہے۔ لاکھوں جانیں قربان کرکے یہ وطن حاصل کیا گیا اور افواج پاکستان کے جوانوں افسران کی قربانیوں سے پاکستان قائم و دائم ہے اور انشا اللہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا اور ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور پاکستان کی حفاظت کےلئے جانوں کے نذرانے دینے والے شہدا کےلئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انکے درجات بلند فرمائے، انکے عزیز و اقارب کو مصائب و آلام سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک شہید کا رتبہ بہت بلند ترہے شہید کے حوالے سے قرآن مجید کا اعلان ہے کہ شہید زندہ ہے اور اللہ تعالیٰ اسے رزق پہنچاتا ہے، انہوں نے کہاکہ اسلام اور وطن کےلئے جانیں دینے والے عظیم اور قوم کے ہیرو ہیں۔ وطن کی حرمت پر قربان ہونیوالے جانثار قوموں کا فخر اور انکی حفاظت کی ضمانت ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے بیان میں کہاکہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اسکے کروڑوں محب وطن عوام کی حفاظت فرمائے۔ پاکستان کو حاسدین اور بد خواہوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ و مامون رکھے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کا وفد خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں آج (6 ستمبر) باٹاپور میں جنگ ستمبر کے شہدا کی یاد گاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائے گا اور فاتحہ خوانی کرے گا۔
تبصرہ