30 اگست 2014ء کی رات نواز شریف نے کارکنوں پر ظلم کیا: خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان نے رات بھر آنسو گیس کے شیلز اور فائرنگ کا سامنا کیا
شریف خاندان بے گناہوں پر ظلم کرنے کی وجہ سے آج نشان عبرت بنا ہوا ہے
لاہور (30 اگست 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آج سے 5 سال قبل 30 اگست 2014ء کی رات نواز شریف کے حکم پر ڈی چوک اسلام آباد میں جمع پرامن کارکنوں پر بارود اور گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں کو لہو لہان کیا گیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان آنسو گیس کے شیلز اور فائرنگ کا سامنا کرنے والوں میں شامل تھے اور 31، 30 اگست کی رات ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم پر عوامی تحریک کے سینکڑوں نوجوانوں نے عمران خان کی حفاظت کی اور آخری لمحے تک ان کے سامنے حفاظتی دیوار بنے رہے اور آنسو گیس کے شیلز اپنے سینوں پر سہتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ظلم کے نتیجے میں سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے اور متعدد شہید ہوئے، نواز شریف نے غرور اور تکبر میں نہتے اور معصوم شہریوں پر ظلم کیا تھا اس وجہ سے آج پورا شریف خاندان نشان عبرت بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں نے ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کی، اس ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کرنے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی قربانیاں بھی رنگ لائیں گی، اس ظلم کے نظام کا خاتمہ ہو گا اور اس نظام کی بیساکھی پکڑ کر قتل و غارت گری اور لوٹ مار کرنے والوں کا بھی نشان مٹے گا۔ آج گوشہ درود میں شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے 31، 30 اگست کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور بخشش کی دعا کی گئی۔
تبصرہ