تاجر برادری کو معاشی بحران کا ادراک ہے: عوامی تاجر اتحاد
وزیراعظم کی طرف سے کاروباری سرگرمیوں کی خود سرپرستی کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں
کاروبار کرنا آسان بنانا ہوگا، الطاف رندھاوا، حاجی محمد اسحاق، راشد چودھری و دیگر
لاہور (29 اگست 2019ء) عوامی تاجر اتحاد کے صدر الطاف رندھاوا نے وزیراعظم کی طرف سے کاروباری سرگرمیوں کی براہ راست سرپرستی کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے اعلانات پر سو فیصد عملدرآمد کر دیا تو پاکستان خطے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلوں میں ابہام کے باعث تاجر برادری مشکلات کا شکار ہے، قوانین آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں مشکلات کھڑی کرنے کے لیے نہیں۔ وزیراعظم کاروبار آسان بنانے، بیوروکریسی اور کلرک مافیا کی اجارہ داری ختم کرنے میں کامیاب ہو گئے تو یہ حکومت کی طرف سے تاجر برادری کے لیے بڑی سہولت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، سیکرٹری جنرل ارشد چودھری، حافظ عامر و دیگررہنماؤں نے شرکت کی۔
الطاف رندھاوا کا مزید کہنا تھا کہ تاجر برادری محب وطن ہے، انہیں ملکی معیشت کی دگرگوں صورت حال اور اس کے مضمرات کا پورا پورا احساس ہے، تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں حکومت کو چاہیے وہ تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے، بجلی، گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کو بہتر بنایا جائے، بھتہ خوری، تجاوزات، رشوت ستانی کے جرم کاجڑ سے خاتمہ کیا جائے۔ حکومت نے تاجر برادری کی طرف اخلاص کے ساتھ ایک قدم بڑھا یا تو تاجر برادری ملک و قوم کے مفاد میں دس قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو عزت دے، تاجر حکومت سے ملکر عوام کو ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی سے نجات دلوائیں گے۔
تبصرہ