صوفیاء کرام انسان دوستی کی وجہ سے کروڑوں دلوں کی دھڑکن تھے: خرم نواز گنڈاپور
بابا بلھے شاہ جیسے صوفی بزرگوں نے گھر گھر اسلام کی روشنائی پھیلائی
اسلام کی ہزار سال کی تاریخ میں کسی صوفی بزرگ نے کفر کا فتویٰ نہیں دیا
لاہور (24 اگست 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ انسانیت سے محبت کرنے کی وجہ سے صوفیاء کرام آج بھی کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں۔ حضرت بابا بلھے شاہ نے اپنی شاعری اور کردار کے ذریعے اسلام کی بے مثال خدمت کی اور ہزاروں لاکھوں غیر مسلموں کو دائرہ اسلام میں داخل کیا۔ صوفیائے کرام نے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری کو فروغ دیا۔ اسلام کی 100 سالہ تاریخ میں کسی صوفی بزرگ نے کفر کا فتویٰ دیا اور نہ انتہاپسندی کو قریب پھٹکنے دیا یہی وجہ ہے کہ ہر مذہب اور مسلک اور فکر کے لوگ اولیاء اللہ اور صوفیائے کرام کی محافل میں بے دھڑک بیٹھتے اور علمی فیض ،روحانی سکون حاصل کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بابا بلھے شاہ نے دیگر صوفیاء کی طرز پر پنجابی شاعری کو تبلیغ کا ذریعہ بنایا سادہ اور سلیس انداز میں اشعار اور قطعات کہہ کر اصلاح احوال اور اصلاح معاشرہ کےلئے اپنا کردار ادا کیا۔ بابا بلھے شاہ کے اشعار اس قدر سچے اور حقیقت پسندانہ تھے کہ ان کی خوشبو آج بھی قلوب واذہان کو معطر کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی معاشرے کو پر امن بنانے اور انتہاپسندی اور نفرتوں کے خاتمے کےلئے صوفیاء کی تعلیمات اصلاح کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء نے گھر گھر اسلام کی روشنی پھیلائی، یہ اللہ کے انعام یافتہ لوگ ہیں اللہ نے قیامت تک کےلئے ان کے ذکر کو بھی زندہ کر دیا۔
تبصرہ