حکومت انسانی حقوق کمیشن سے بلاتاخیر رجوع کرے: انوار اختر ایڈووکیٹ
مسئلہ کشمیر عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا فیصلہ قابل تحسین
ہے: چیئرمین لیگل افیئر آن کشمیر کمیٹی
وزیراعظم عالمی رہنماؤں سے رابطوں کے متعلق کشمیریوں کو اعتماد میں لیں: بیان
بیرونی دورے کرنے والے وفود میں کشمیری نمائندے بھی شامل کیے جائیں
لاہور (21 اگست 2019ء) عوامی لائرز موومنٹ کے چیف آرگنائزر اور لیگل کمیٹی آن کشمیر افیئرز کے چیئرمین انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی عدالت انصاف اور عالمی انسانی حقوق کمیشن سے رجوع کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، کیس دائر کرنے میں مزید تاخیر نہ کی جائے، پہلے ہی بہت دیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت حکومتی وزراء مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف ملکوں کے دورے کررہے ہیں، حکومتی وفود میں کشمیری نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اصل فریق اور مدعی کشمیری ہیں۔ حکومت لمحہ بہ لمحہ اقدامات کے بارے میں کشمیری عوام اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیتی رہے۔ وزیراعظم کشمیری عوام کو اعتماد میں لیں، اس وقت کس سربراہ مملکت سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کیا بات ہوئی؟ اس وقت تنازع کشمیر کے حوالے سے امریکہ سمیت عالمی رہنما متحرک ہیں۔ اس موقع پر کشمیری عوام میں کسی قسم کی کوئی بدگمانی پیدا نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی رہنماؤں سے ہونے والے روابط کے بارے میں کشمیریوں کو باخبر رکھے، اس وقت دشمن کی بھی یہ کوشش ہو گی کہ کشمیری قیادت اور حکومت پاکستان کے درمیان غلط فہمیوں کو جنم دیا جائے۔
تبصرہ