پاکستان کا مستقبل کرپشن اور کرپٹ عناصر کے مکمل خاتمے کے ساتھ جڑا ہوا ہے: خرم نواز گنڈاپور
کشمیر میں ہونے والے ظلم پر عالم اسلام مداخلت کرے، کشمیریوں کو ان کے گھروں میں محصور کر دیا گیا
73ویں یوم آزادی کی مناسبت سے عوامی تحریک کے زیر اہتمام ”کیا کھویا کیا پایا“ کے عنوان سے سیمینار
پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مذہبی اقلیتوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا: ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا
پرچم کشائی کی تقریب میں بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، رفیق نجم و دیگر کی شرکت
لاہور (13 اگست 2019ء) 73ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”کیا کھویا کیا پایا“ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا جس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قوم کو 73 واں یوم آزادی مبارک ہو۔ پاکستان کا مستقبل کرپشن اور کرپٹ عناصر کے مکمل خاتمے کے ساتھ جڑا ہوا ہے، کشمیر میں ہونے والے ظلم پر عالم اسلام مداخلت کرے، کشمیریوں کو ان کے گھروں میں محصور کر دیا گیا، یہاں تک کہ وہ نماز عیدالاضحی بھی ادا نہیں کر سکے، یہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی اور لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی سنگین حرکت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک 73 واں یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر عہد کرناہوگا کہ قائد اعظم کے پاکستان کو چوروں، قاتلوں، لٹیروں سے پاک کرناہے۔ قاتلوں اور قومی خزانہ لوٹنے والوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچانا بہترین قومی خدمت ہے۔ 73 ویں یوم آزادی پر یہ عہد بھی کرنا ہوگا کہ بے رحمانہ اور شفاف احتساب کے بغیر ملک ترقی کرے گا اور نہ ہی کبھی جمہوریت مضبوط ہو گی۔ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا ملے گی تو انصاف کے تقاضے پورے ہونگے۔ بانی پاکستان نے چور بازاری، ذخیرہ اندوزی اور بے انصافیوں کو سختی سے کچلنے اور آئین و انصاف کی سربلندی کی ہدایت کی تھی۔ قائد اعظم ؒ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونگے تو بحرانوں سے نجات حاصل کرینگے۔
سیمینار کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری ماڈل ٹاؤن میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، انجینئر رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا، سید الطاف گیلانی، حافظ غلام فرید، انوار اختر ایڈووکیٹ، میاں زاہد جاوید و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہمیں مل کر پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کا عہد کرنا ہو گا، لسانی و گروہ بندی کے ساتھ ساتھ فرقہ واریت اور علاقائی تعصب کا خاتمہ کر کے ایک اچھا پاکستانی بننا ہو گا۔
پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مذہبی اقلیتوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، بانی پاکستان نے 72 اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا جو وعدہ کیا تھا آج 72 سال بعد بھی اس کی پاسداری ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور حصول پاکستان کی جدوجہد میں شریک تمام قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا اور ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
تبصرہ