21 کروڑ عوام پاکستان کے مالک اور محافظ ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی
عوامی تحریک نے شاہدرہ سے مینار پاکستان تک پاکستان زندہ باد ریلی نکالی، ملک کے لیے دعائیں
لاہور (14 اگست 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 73 ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے، اسے کمزور کرنے کے خواب دیکھنے والے اپنے ناپاک منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، 21 کروڑ عوام پاکستان کے مالک اس کی طاقت، تحفظ اور بقا کے ضامن ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور جہاں جہاں مسلمان آزمائش اور تکلیف سے دوچار ہیں ان کی مدد فرمائے۔
دریں اثنا مرکزی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خاں، سید الطاف حسین شاہ، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، انجینئر رفیق نجم، سہیل احمد رضا، حافظ غلام فرید فورم کے صدور اور سینئر عہدیدار شریک ہوئے، اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا اور ملک کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔
خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں اور عالمی برادری کشمیری عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے، آزادی کشمیریوں کا تسلیم شدہ حق ہے۔
تبصرہ