خرم نواز گنڈاپور کا بلوچستان اور وزیرستان میں فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل
فراموش ہیں
خطے میں امن کےلئے دہشتگرد عناصر اور گروپس کا مکمل خاتمہ کرنا ہو گا، سیکرٹری جنرل
پی اے ٹی
لاہور (27 جولائی 2019ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بلوچستان اور وزیرستان میں فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد امن کے دشمن ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں امن کےلئے دہشتگرد عناصر اور گروپس کا مکمل خاتمہ کرنا ہو گا۔ پاکستان، افغانستان اور بھارت کو ایک دوسرے کی سرحدوں کا احترام بھی یقینی بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے فوجی جوان سخت موسموں اور نا مساعد حالات میں دہشتگردی کے خاتمے اور وطن کے دفاع کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحتیابی دے اور جو جوان شہید ہوئے ہیں انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ فوجی جوان تشکر اور دعاءوں کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا تو خطے میں امن آئیگا جس کے ثمرات سے کروڑوں انسان مستفید ہونگے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے پورے ملک میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، حکومت سیلاب جیسی قدرتی آفت سے نمٹنے کےلئے تمام وسائل برءوے کار لائے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر سیلاب کی تباہ کاریوں کے مقابلے اور بے گھر لوگوں کی بحالی کےلئے منصوبہ بندی کریں۔ سیلاب متاثرین کےلئے خصوصی فنڈز جاری کئے جائیں، واسا سمیت تمام متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں، جن لوگوں کے گھر بارشوں کی وجہ سے مسمار ہو گئے ہیں وفاقی و صوبائی حکومتیں انکی مالی مدد کریں وزیراعلیٰ پنجاب نے خود اپنی گاڑی میں بارش میں پھنسے لوگوں کی مدد کی جو ایک اچھا عمل ہے مگرایک وزیر اعلیٰ کتنے لوگوں کو ریسکیو کر سکتے ہیں اسکے لئے تمام متعلقہ محکموں کو عملاً متحرک ہونا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود، میاں عبدالقادر، میاں کاشف، غلام محمد، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ سابق کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے شہری آبادیوں میں اضافہ ہوا ا، سابق حکمرانوں نے سیورج کے نظام کو بہتر بنانے پر کبھی توجہ نہ دی جسکی وجہ سے ایک گھنٹے کی بارش پورا شہر ڈبو دیتی ہے بڑے بڑے انڈرپاسز، سڑکیں اور پل تو تعمیر کر دئے لیکن انکے نیچے جمع ہونے والے بارش کے پانی کی نکاسی کا کوئی بندوبست نہیں کیا۔ بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کےلئے کوئی بروقت پلاننگ نہیں کی گئی۔ ہر سال موسم برسات میں پنجاب سمیت پورے ملک میں نظام زندگی درہم برہم ہو جاتا ہے۔
سابق حکمرانوں نے کبھی سیلاب سے نمٹنے کےلئے کوئی منصوبہ بندی نہ کی۔ برساتی نالوں کی صفائی اور انکے اردگرد ناجائز تجاوزات کے خاتمے کی طرف کبھی توجہ نہ دی جسکی وجہ سے ان نالوں کا پانی برسات میں گلیوں اور محلوں میں تباہی پھیلا دیتاہے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ سیلاب سے املاک اور لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کےلئے فوری طور پر نئے ڈیمز کی تعمیر شروع کیجا ئے تاکہ سیلابی پانی کو سٹور کر کے فصلوں اور پینے کے لئے استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کو خشک سالی اور آئندہ نسلوں کو پانی مہیا کرنے کےلئے ایمرجنسی طور پر نئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کرے۔
تبصرہ