شہباز اینڈ کمپنی ماڈل ٹاؤن کے خون کا حساب دے پھر احتجاج کرے: خرم نواز گنڈاپور
25 جولائی کے ناکام ڈرامے سے ثابت ہو گیا ن لیگ صرف اقتدار کی جماعت ہے
تخت لاہور کا شہنشاہ جیل میں بند سرکس کے شیر چیئرنگ کراس بھی نہ پہنچ سکے
عوامی تحریک کے کارکن جب نکلے تھے تو نوازشریف وزیر اعظم ہاؤس سے بھاگ گئے
پارلیمنٹ کے تقدس کے بھاشن دینے والے اب پارلیمنٹ میں بات کیوں نہیں کرتے
عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران فیاض وڑاءچ، بشارت جسپال، نور اللہ صدیقی کا بیان
لاہور (25 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہباز شریف اینڈ کمپنی ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کا حساب دے پھر احتجاج کرے۔ لیگی غنڈوں کو پولیس وارننگ دینے تک محدود رہی جبکہ ماڈل ٹاؤن میں خواتین، بزرگوں اور ہمارے نہتے کارکنوں پر مشین گنوں سے فائرنگ کی گئی۔ 25جولائی کے ناکام ڈرامے نے ثابت کر دیا ن لیگ صرف اقتدار کی جماعت ہے، اپوزیشن میں انکے ساتھ صرف انکے تنخواہ دار ہوتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری اعتزاز احسن کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو ن لیگ سے دور رکھیں، یہ فراڈیوں اور ابن الوقت عناصر کا گروہ ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے تقدس کے بھاشن دینے والے اب سڑکوں کی خاک کیوں چھان رہے ہیں؟ اپنے مسائل پارلیمنٹ کے فلور پرزیر بحث کیوں نہیں لاتے؟ جب عوامی تحریک کے ہزاروں کارکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کی ایف آئی آر درج کروانے کیلئے احتجاجا ً اسلام آباد گئے تھے تو ان پر بارود کی بارش کی گئی، لاشیں گرائی گئیں اور عوامی تحریک کے پر امن احتجاج کو پارلیمنٹ اور جمہوریت پر حملہ قرار دیا گیا۔ اب وہی حملہ یہ جمہوریت کے جعلی ٹھیکیدار خود کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ ایک فاشسٹ جماعت ہے قومی دولت کی لوٹ مار کے کیسز اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انجام سے بچنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کا شہنشاہ لاہور کی جیل میں بند ہے اور سرکس کے شیر چیئرنگ کراس تک بھی نہ پہنچ سکے۔ 10 سال ملک لوٹنے والوں نے پہلے احتجاج میں ہی چندے کیلئے جھولی پھیلا دی۔ شریف خاندان اب احتجاج کے انتظامات کی آڑ میں اپنے اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کی جیبیں کاٹ رہا ہے یہ دیہاڑیاں لگانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
تبصرہ