بھارتی میڈیا کے واویلے سے لگتا ہے دورہ امریکہ بہتر رہا: خرم نواز گنڈاپور
ن لیگ والوں پر توڑ پھوڑ کے کمزور مقدمے بنانے کی بجائے لوٹ مار کے مقدمات میں سزائیں دلوائی جائیں
آج لاہور ہائیکورٹ میں 107 اسیر کارکنان کی رہائی کی اپیل زیر سماعت آئے گی، اجلاس سے خطاب
لاہور (24 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں ن لیگ کے سینکڑوں کارکنوں پر مقدمات بنانے کا مطلب قاتل اور کرپٹ مافیا کو ہیرو بنانا ہے۔ توڑ پھوڑ کے کمزور مقدمات بنانے کی بجائے لوٹ مار کے مقدمات پر انہیں سزائیں دلوائی جائیں اور انکی ضمانتیں منسوخ کروانے کے لئے پراسیکیوشن اپنا مؤثر قانونی کردار ادا کرے اور ن لیگ کے لیڈروں بشمول مریم صفدر کے خلاف کرپشن کے جو مقدمات قائم ہیں انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جا ئے۔ ہمارے ہزاروں کارکنان پر ن لیگ والے بھی مقدمے قائم کرتے تھے، ہجوم پر مقدمات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔ ن لیگ والے ہمارے ہزاروں کارکنان کے خلاف اسی طرح مقدمے بناتے تھے۔ لگتا ہے شہباز شریف کے کار خاص پولیس افسر ایسے مقدمات قائم کرکے موجودہ حکومت کے لئے مشکلات کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، انجینئیر رفیق نجم، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، فرح ناز، طیب ضیاء، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، میر آصف اکبر و دیگر رہنما شریک تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آج لاہور ہائیکورٹ میں سرگودھا انسداد دہشتگردی عدالت کی طرف سے 107 کارکنوں کو سنائی جانیوالی سزا کے خلاف ہماری اپیل زیر سماعت آئے گی۔ معزز بنچ کو ہمارے وکلاء قائل کرینگے کہ یہ سزا نا حق ہے لہذا اسیرکارکنان کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کے بعد انصاف کے لئے عدلیہ پر بھروسہ ہے، ان شاءاللہ بےگناہ کارکنان بھی رہا ہونگے اور جلد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار بھی کیفر کردار کو پہنچیں گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے وزیر اعظم کے دورہ امریکہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی میڈیا کے واویلے سے لگتا ہے عمران خان کا دورہ امریکہ بہتر رہا۔ امداد کی بجائے تجارت کی پالیسی پر حکومت ثابت قدم رہی تو اسکا فائدہ یقینا پاکستان کو ہو گا۔
تبصرہ