سونیا کو انصاف دلوانے کیلئے عوامی لائرز موومنٹ کی قانونی امداد کی پیشکش
سوسائٹی کو جرائم پیشہ گروہوں سے پاک کرنا عدلیہ، وکلاء، قانون
نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے
سونیا کو دارالامان کے تحفظ میں دیا جائے، ملزموں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے: انوار
اختر ایڈووکیٹ
لاہور (21 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء ونگ عوامی لائرز موومنٹ پاکستان نے سونیا کو انصاف دلوانے کے لیے قانونی امداد کی پیشکش کی ہے، انہوں نے کہا کہ سونیا کو دارالامان کے تحفظ میں دیا جائے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کے چیف آرگنائزر انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء سونیا کے والدین کی تلاش کے لیے انفرادی و اجتماعی طور پر جدوجہد کریں، سونیا کا واقعہ پاکستان کے اسلامی معاشرہ کے اندر پائی جانے والی بے حسی کو نمایاں کررہا ہے، سونیا کو انصاف بھی ملنا چاہیے اور اس قسم کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کی بیخ کنی کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا بھرپور کردار اد اکریں، عدلیہ کو بھی اس معاملے میں نوٹس لینا چاہیے تاکہ سوسائٹی کو ظالم اور سفاک مافیا سے پاک کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی مکروہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لیے میڈیا اپنا کردار ادا کرے، سونیا کے معاملے میں بھی ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنا بھرپور انسانی ہمدردی پر مبنی کردار ادا کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انوار اخترایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ یہ جان کر کلیجہ منہ کو آتا ہے کہ ملزم نے بچپن میں سونیا کو اغواء کر کے ساری زندگی بھیک منگوائی اور اس سے اس کے والدین اور اس سے جینے کا حق چھینا، انہوں نے کہا کہ ایسے ملزمان کسی رحم اور رو رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ایسے عناصر کو عبرتناک سزائیں دلوا کر نشان عبرت بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور گروہوں کا معاشرے میں سرعام دندنانا عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔
تبصرہ