آئین و قانون کی بالادستی سے جمہوریت مضبوط ہو گی: عوامی لائرز موومنٹ
عدلیہ کی غیر جانبداری مشکوک بنانے کے ہتھکنڈے کامیاب نہیں
ہونگے، لہراسب گوندل
شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء انصاف کےلئے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، انواراختر
ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ
سابق کرپٹ حکمران اپنے مقاصد کےلئے وکلاء برادری کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، اجلاس سے
خطاب
لاہور (14 جولائی 2019ء) عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کے مرکزی صدر لہراسب خان گوندل نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر کبھی بھی ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی، پاکستان کو باوقار مقام دلانے کے لیے قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہو گا، قانون و آئین کی بالادستی کے لیے وکلاء کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، وکلاء نے ہمیشہ آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا بدترین واقعہ ہے، غیر جانبدار تفتیش کے بغیر انصاف کی فراہمی کا کوئی تقاضا پورا نہیں ہو گا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
سابق حکمران جماعت نے اپنے ذاتی مفادات کےلئے ہمیشہ عدلیہ پر حملے کئے، عدلیہ کو ٹارگٹ کرنا آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت جرم ہے۔ عدلیہ کی غیر جانبداری مشکوک بنانے کے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہونگے۔ سابق کرپٹ حکمران اپنے مقاصد کےلئے وکلاء برادری کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں میں عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اجلاس میں چیف آرگنائزر انوار اختر ایڈووکیٹ، نائب صدر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، صوبائی جنرل سیکرٹری سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، سعود خان ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، امتیازچوہدری ایڈووکیٹ، محبوب حسین چوہدری ایڈووکیٹ، عبدالوحید خان ایڈووکیٹ سمیت مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ کے لاءحہ عمل، وکلاء برادری سے رابطوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے چیف آرگنائزر عوامی لائرز موومنٹ انوار اختر ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی لائررز موومنٹ قانون کی حکمرانی کےلئے متحرک ہے، انصاف بنیادی ضرورت ہے، نظام انصاف کی اصلاح کےلئے ہم اپنا قانونی، مشاورتی کردار ادا کرتے رہیں گے، وکلاء نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں، قانون اور آئین کی بالادستی کے لیے وکلاء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، عدلیہ کی غیر جانبداری پر براہ راست حملے کئے جا رہے ہیں۔ عدلیہ کی غیر جانبداری کے تحفظ کےلئے وکلاء اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے رہینگے۔
نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلانے کے لیے وکلاء برادری نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں کے وکلاء برادری کو تقسیم کرنے کے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہونگے۔
تبصرہ