عدالتی سزا یافتہ مجرموں کی لائیو کوریج پر پابندی ہونی چاہیے
ن لیگ قاتلوں، سمگلروں کی جماعت، اسے بین کیا جائے: خرم نواز
گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کی اصلی ویڈیوز عدالت میں جمع کروارکھی ہیں: رہنما
عدلیہ کے خلاف منفی مہم پر سپیکر قومی اسمبلی شہباز شریف کے خلاف نااہلی ریفرنس
بھجوائیں
لاہور (7 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ن لیگ جھوٹوں، منی لانڈررز، سمگلروں اور قاتلوں کی جماعت ہے، اس کا وجود قومی سلامتی اور پاکستان کے اسلامی جمہوری تشخص کیلئے خطرہ بن گیا ہے، ن لیگ کا کردار ایم کیو ایم لندن اور پی ٹی ایم سے مختلف نہیں ہے، کرپشن، لوٹ مار اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ اب ٹوٹنا چاہیے۔
جج ارشد ملک کی طرف سے گھناؤنی الزام تراشی کی تردید کے بعد عدلیہ مخالف منفی مہم کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس میں شریک شہباز شریف اور جملہ پارلیمانی حواریوں کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی نااہلی کا ریفرنس بھجوائیں اور اس کی اعلیٰ سطحی انکوائری ہونی چاہیے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ کسی عدالتی سزا یافتہ مجرم کی لائیو کوریج پر پابندی ہونی چاہیے،
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، نوراللہ صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن قتل عام کی اصلی ویڈیوز عدالت میں پیش کر رکھی ہیں، ویڈیوز میں شریف برادران کے حکم پر پولیس افسران بے گناہوں پر سیدھی گولیاں برساتے دیکھے جا سکتے ہیں، یہ ویڈیوز عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہیں اور 5 سال سے ملزمان کے خلاف کارروائی کے منتظر ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ یہ ویڈیوز اتنی واضح ہیں کہ ان میں نظر آنے والے قاتل کرداروں میں سے آج کے دن تک کوئی بھی اپنے جرم کا انکار نہیں کر سکا، رہنماؤں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے، ان کے جرائم سے چشم پوشی برتی گئی تو یہ قومی مفاد پر کمپرومائز ہو گا، اب پاکستان کسی کمپرومائز کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے اپیل ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی کو اپنا کام مکمل کرنے کی اجازت دے تاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور ماسٹر مائنڈز کو کٹہرے میں لایا جا سکے۔
تبصرہ