حکومت مون سون سے نمٹنے کے پیشگی انتظامات کرے: مذاکرہ
ڈیمز نہ ہونے سے پانی زندگی کی ضمانت کی بجائے موت کا پروانہ بن جاتا ہے
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام مون سون اور آبی ذخائر کے موضوع پر مذاکرہ
پانی کم ہوتا ہے تو پیاسے مرتے ہیں، زیادہ ہو تو ڈوبنے لگتے ہیں:پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک
لاہور (28 جون 2019ء) منہاج القرآن کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام ”پانی کی اہمیت، مون سون اور آبی ذخائر“ کے موضوع پر مذاکرہ ہوا، شرکاء نے تجویز دی کہ حکومت بلاتاخیر مون سون کے انتظامات پر بریفنگ لیں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے اور واٹر مینجمنٹ کی ایک جامع پالیسی بنائی جائے، مذاکرہ میں پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، کرنل (ر) فضل مہدی، سید افتخار بخاری، محب اللہ اظہر نے اظہار خیال کیا۔
مذاکرہ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سینئر طلباء نے سوال و جواب کی نشست میں حصہ لیا، پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے کہا کہ ہمارا المیہ ہے کہ جب پانی کم ہوتا ہے تو ہم پیاسے مرنے لگتے ہیں اور ہمارے پاس پانی کے ذخائر نہ ہونے کی وجہ سے ہم ہنگامی حالات سے نمٹ نہیں پاتے اور جب کبھی مون سون یا سیلاب میں پانی وافر ہو جاتا ہے تو ہم ڈوبنے لگتے ہیں، ہماری فصلیں، ہمارا لائیو سٹاک تباہ ہو جاتا ہے اور ڈیمز نہ ہونے کی وجہ سے پانی ہماری زندگی کی ضمانت بننے کی بجائے موت کا پروانہ بن جاتا ہے، حکومت اس اہم ایشو پر گریٹ ڈیبیٹ کروائے اور اس کا مستقل حل نکالے۔
ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مون سون سے سب سے زیادہ جنوبی پنجاب متاثر ہوتا ہے، اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے اس لیے وہ اس سال پیشگی انتظامات کریں، سیلابی پانی کی روک تھام کے نام پر بیوروکریسی کرپشن اور ہیرا پھیری کی بھی انتہا کر دیتی ہے، انہوں نے کہا کہ پانی بہت بڑا سبجیکٹ ہے، اسے بطور مضمون ہائر ایجوکیشن نصاب کاحصہ ہونا چاہیے۔
مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے محب اللہ اظہر نے کہا کہ پانی اللہ کی بیش قدر نعمتوں میں سے ایک ہے، اللہ نے پانی سے زندگی کو پیدا فرمایا، اللہ نے اپنے وجود برحق کی ایک نشانی آسمان سے پانی اتارنے کی صورت میں بیان کی ہے، سورۃ النحل میں فرمایا وہی اللہ جس نے آسمان سے پانی اتارا جس میں سے کچھ پینے کے لیے ہے، کچھ شجرکاری کے لیے، کچھ مویشیوں کیلئے، اس پانی سے نباتات، سبزہ، خوراک اگتی ہے، پھل میوے تیار ہوتے ہیں“اللہ تعالیٰ نے پانی کو انسانوں اور حیوانوں کیلئے متاع زیست قرار دیا ہے، اللہ نے پانی کی نعمت بھی عطا کی اور اس کے استعمال کا طریقہ بھی بتایا، واٹر مینجمنٹ کے بنیادی اصول بھی عطاء کر دئیے اور پانی کو محفوظ بنانے کیلئے آبی ذخائر کی تعمیر کو بھی ناگزیر قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ قرآن مجید قیامت تک کے لیے ذریعہ ہدایت ہے اور اس میں انسانی زندگی اور قوموں کو درپیش تمام مسائل کا حل موجود ہے، بشرطیکہ اللہ کی نازل کردہ آیات پر غور و فکر اور تدبر سے کام لیا جائے۔
تبصرہ