پروڈکشن آرڈر مجرموں کےلئے پروٹیکشن آرڈر نہیں بننا چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
حکومت لوٹی گئی دولت ریکور کرنا چاہتی ہے تو مجرموں کے گوشت
کریلے بند کرے
شریف اینڈ کمپنی کو بچانے کےلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی کو کام سے روکا
نواز شریف کی طرح شہباز شریف کے پاس بھی آمدن سے زائد اثاثوں کا ثبوت نہیں
اس ظالم نظام سے جان نہ چھڑائی گئی تو بڑی تباہی آئے گی: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (24 جون 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر مجرموں کے لئے پروٹیکشن آرڈر نہیں بننا چاہیے، موجودہ استحصالی نظام میں امیر مجرموں کی روزانہ گوشت کریلے اور سری پائے سے تواضح ہوتی ہے۔ حکومت لوٹی گئی دولت ریکور کرنا چاہتی ہے تو مجرموں کے گوشت کریلے بند کرے معمولی جرائم میں سزا پانیوالے غریب قیدیوں کی عید کے دنوں میں بھی رشوت دئیے بغیر اپنے پیاروں سے ملاقات نہیں ہوتی، قانون سب کےلئے ایک ہونا چاہیے۔ اس تعفن زدہ استحصالی نظام سے جان نہ چھڑائی گئی تو بڑی تباہی آئے گی یہ ظلم کا نظام صرف ظالموں کا محافظ ہے۔
انہوں نے سنٹرل ورکنگ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزم شہباز شریف ہیں۔ شریف اینڈ کمپنی کو بچانے کےلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدارانہ تفتیش نہیں ہونے دی جا رہی، غیر جانبدارانہ تفتیش پر سٹے آرڈر ہے جس پر سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہباز شریف کی کرپشن کھلی کتاب کی طرح ہے، نیب انہیں فوری گرفتار کرے۔ اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کی ضمانتیں کینسل ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم جیسے جعلی منصوبوں میں اربوں کی دہاڑیاں لگائی۔ اپنے بڑے بھائی کی طرح ان کے پاس بھی آمدن سے زائد اثاثوں کا کوئی ثبوت نہیں۔
تبصرہ