مشتاق سکھیرا کی برطرفی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
منہاج القرآن، عوامی تحریک لاہور کا مشترکہ اجلاس، 17 جون کے حوالے سے لائحہ عمل طے
ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا انجام عبرتناک ہوگا، افضل گجر، اشتیاق حنیف و دیگر
شریف برادران نے سابق آئی جی کو ماڈل ٹاؤن کے قتل عام پر نوازا تھا
لاہور (13 جون 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکیھرا کی برطرفی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سابق آئی جی کو 17 جون 2014ء کو قتل عام کروانے کے صلہ میں نواز شریف اور شہباز شریف نے وفاقی محتسب ٹیکس لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قاتل آج بھی عہدوں پر براجمان ہیں انہیں بھی بلا تاخیر ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے، بےگناہ انسانوں کے قاتل سرکاری عہدوں پر رہنے کے قابل نہیں۔
دریں اثناء منہاج القرآن اور عوامی تحریک لاہور مشترکہ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں حافظ غلام فرید اور افضل گجر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو ریاست مدینہ کے قالب میں ڈھالنے کے عظیم مشن کی ابتداء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف سے کریں۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ بطور اپوزیشن رہنما عمران خان ہمیشہ کہتے تھے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس اتنا واضح ہے کہ اس کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ ایک مہینے میں ہو جانا چاہیے تھا، اب ان کی حکومت کو بھی 10 ماہ گزر گئے، انصاف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا بطور وزیراعظم ان کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد افضل گجر نے کہا کہ غیر جانبدار تفتیش کا حق بھی چھین لیا گیا، انصاف کی صورت میں تبدیلی کے ثمرات شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء تک بھی پہنچنے چاہئیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 جون کو لاہور میں شہداء کی قبروں پر حاضری دی جائے گی،پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی،اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ شریف برادران کا اصل جرم ماڈل ٹاؤن کا قتل عام ہے، ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرتناک انجام ہوگا، اجلاس میں حاجی فرخ اعجاز، اخلاق حسین، علامہ خلیل حنفی، نورین علوی، چودھری محمد اقبال، حنیف قادری، اصغر ساجد، مرزا ندیم بیگ نے شرکت کی۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر رفیق نجم نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور 17 جون کے حوالے سے شرکائے اجلاس کو مرکز کی پالیسی اور لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔
تبصرہ