پاکستان میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کےلئے ظالمانہ عوام دشمن نظام کو بدلنا ہوگا: خرم نواز گنڈاپور
3 فی صد مقتدر طبقے کے بچے انگلش میڈیم سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں
16 سال سے کم عمر کے بچوں کو ملازم رکھنا ان سے مشقت لینا جرم قرار دیا جائے
گھریلو ملازمین کے حوالے سے بلاتاخیر قانون پاس کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
غربت کی وجہ سے بچے سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں، چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب
لاہور (12 جون 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں سے مشقت کروانا انتہائی سنگین جرم ہے پاکستان میں قائم عوام دشمن نظام کی وجہ سے تین کروڑ سے زائد بچے سخت مشقت کرتے ہیں، ورکشاپوں، کوٹھیوں اوربنگلوں میں بچے گاڑیاں دھوتے اور فرش صاف کرتے ہیں، غلاظت کے ڈھیروں سے بچے کچرا اٹھاتے ہیں۔ سخت قوانین کے باوجود بچوں سے سخت سے سخت مشقت لی جا رہی ہے، شہروں کے چوراہوں پر کڑی دھوپ میں معصوم بچوں سے بھیک منگوائی جا رہی ہے، پتھر کی کٹائی اور رگڑائی کی سخت ترین مشقت بھی معصوم جانوں سے لی جا رہی ہے۔ سابق سرمایہ دارحکمرانوں نے 97 فی پاکستانی عوام کے حقوق پر قبضہ کر رکھا تھا۔ ماڈل ٹاؤن میں بچوں، عورتوں اور بزرگوں پر گولیاں چلانے والے نام نہاد سابق حکمرانوں نے ملکی وسائل پر ناجائز قبضہ کر رکھا تھا۔ 3 فی صد مقتدر طبقے کے بچے انگلش میڈیم سکولوں اور یورپ کے سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 97 فی صد پاکستانیوں کے بچے دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، خرم شہزاد، جواد حامد، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، حافظ غلام فرید و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ غربت کی وجہ سے بچے سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں، پاکستان میں ان حالات کا ذمہ دارسابق کرپٹ حکمران طبقہ ہے۔ 1973 کی آئینی اصلاحات پر کبھی عمل نہیں کیا گیا۔ سابق کرپٹ حکمران طبقہ کھربوں روپے ملکی خزانے سے لوٹ چکا ہے، ن لیگی حکمرانوں نے معاشی طور پر ملک کو کنگال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 97 فی صد پاکستانیوں کو بچانے کےلئے دو وقت کی روٹی، تعلیم کا حصول ممکن بنانے کےلئے پاکستان میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کےلئے ظالمانہ عوام دشمن نظام کو بدلنا ہوگا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کی جبری مشقت کا خاتمہ کیا جائے، بچوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے، ضرورت کے ہاتھوں مجبور ہو کر محنت مزدوری کرنیوالے بچوں کےلئے نہ صرف حکومت کو اقدامات کرنے ہونگے بلکہ معاشرے کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ تحریک منہاج القرآن تعلیم کے فروغ کےلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ملک بھر میں 7 سو سکولز، درجنوں کالجز لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں قائم آغوش آرفن ہومز اور عالمی معیار کی منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہےں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں صرف صوبہ پنجاب میں 1877 بچوں اور بچیوں پر تشدد کے واقعات منظر عام پر آئے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ 16 سال سے کم عمر کے بچوں کو ملازم رکھنا اور ان سے مشقت لینا جرم قرار دیا جائے، چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ گھریلو ملازمین کے حوالے سے بلاتاخیر قانون پاس کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔
تبصرہ