موجودہ نظام ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گیا: عوامی لائرز موومنٹ
سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے نظام کی اصلاح کیلئے قابل عمل تجاویز دیں
لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ، انوار اخترایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ و دیگر کا اجلاس سے خطاب
لاہور(30 مئی 2019) پاکستان عوامی تحریک کے عوامی لائرز موومنٹ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ نظام ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گیا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے نظام کی اصلاح کیلئے قابل عمل تجاویز دیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات اس نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، جس نظام کے تحت پانچ سال گزر جانے کے بعد بھی 14 شہداء کے ورثاء کو انصاف نہ مل سکے اس کا برقرار رہنا کسی طور ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔
اجلاس میں مرکزی صدر پام لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر انوار اختر ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدر نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ایم ایچ شاہین، صدر پنجاب محمد آصف سلہریا ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری پنجاب سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، صدر جنوبی پنجاب چودھری نشاط باجوہ نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملکی اور قومی سطح پر آئین و قانون کی حکمرانی، اسلامی روح کے مطابق فلاحی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کے محب وطن دانشور طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قومی و بین الاقوامی سطح پر موثر کردار ادا کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد دی گئی، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو او آئی سی میں فروغ امن کیلئے لیکچر دینے پر بھی مبارکباد دی گئی، وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ یہ امر پاکستان کے 21 کروڑ عوام کے لیے باعث مسرت ہے کہ او آئی سی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے دئیے گئے فتویٰ اور منہاج القرآن کی فروغ امن کیلئے عالمگیر خدمات کو متفقہ قرارداد میں خراج پیش کیا۔ اجلاس میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف پر بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد دی گئی۔
تبصرہ